سعودی عرب میں حج ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹک سسٹم کے ترجمان صالح الزوید کا کہنا ہے کہ امسال مجموعی طور پر دنیا کی 62 فضائی کمپنیوں نے 71 ممالک کے 238 مقامات سے 3314 عازمین کو لے جانے والی حج پروازیں چلائیں۔
پیر کو مکہ مکرمہ میں حج میڈیا آپریشن سینٹر میں حج سیزن ٹرانسپورٹیشن اور کمیونیکیشن سسٹم کے ترجمانوں کی طرف سے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، صالح الزوید نے بتایا کہ حجاج کا استقبال اعلیٰ سطحی آپریشنل انداز میں کیا گیا، اور اس کے نتیجے میں عازمین کو آمد اور نقل و حرکت میں سہولت میسر آئی۔
یہ بھی پڑھیے گرمی کی شدت: عازمین حج کے لیے متعلقہ وزیر کی خاص ہدایت
حرمین ہائی اسپیڈ ریل کے بارے میں صالح الزوید نے بتایا کہ پورے سیزن میں 4,700 ٹرپس طے کیے گئے تھے جن میں 20 لاکھ مسافروں کی گنجائش تھی۔ اس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 4 لاکھ نشستوں کا اضافہ کیا گیا۔ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسٹیشن اور مکہ مکرمہ کے درمیان ٹرپس کی تعداد میں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں 75 فیصد اضافہ ہوا، جو اوسطاً ایک ٹرپ فی گھنٹہ تک پہنچ گیا۔
انہوں نے بتایا کیا کہ اتوار تک حرمین ہائی اسپیڈ ریل کے ذریعے 7 لاکھ مسافروں کو پہنچایا گیا تھا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عازمین حج کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے خدمات فراہم کرتے رہیں گے۔
مشعر ٹرین کے حوالے سے ترجمان نے تصدیق کی کہ 7 دنوں میں 20 لاکھ سے زائد مسافروں کو لے جانے کے لیے اس سیزن میں 2000 سے زائد ٹرپس چلائے جانے کی توقع ہے۔
صالح الزوید نے واضح کیا کہ مقدس مقامات پر روڈ کولنگ ٹیکنالوجی کے استعمال میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 82 فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹیکنالوجی سڑک کی سطح کے درجہ حرارت کو 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کرنے میں کارگر ثابت ہوئی ہے، خاص طور پر مسجد نمرہ اور مقدس مقامات کے آس پاس کے علاقوں میں۔
یہ بھی پڑھیے کیا حج کے دوران ڈرون کے ذریعے دواؤں کی ترسیل ممکن ہے؟
حج کمیونیکیشن اینڈ ٹیکنالوجی سسٹم کے ترجمان سعد الشنبری نے کہا کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور دیگر مقدس مقامات پر 4G اور 5G کوریج 99 فیصد تک پہنچ گئی، جس کے نتیجے میں انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہوا، جو کہ 264 میگا بائٹس فی سیکنڈ تک ہوگئی۔ یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں انٹرنیٹ کی رفتار 336 میگا بائٹس فی سیکنڈ تک پہنچ گئی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے۔
سعد الشنبری نے بتایا کہ مکہ مکرمہ، مقدس مقامات اور مدینہ منورہ میں وائی فائی رسائی پوائنٹس امسال حج کے دوران ٹیلی کمیونیکیشن سروس فراہم کرنے والوں کی شراکت کے ساتھ 10 ہزار سے زائد تک پہنچ گئے۔