فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستانی افواج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے اور اس کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:جنرل عاصم منیر نے بھارت کو شکست دی، فیلڈ مارشل کے عہدے کے حقدار تھے، نواز شریف
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول پر تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ عید الاضحیٰ منائی۔ نماز عید کے بعد ملک کے استحکام اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ وطن کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔
فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کہا کہ اپنے گھر والوں سے دور فرنٹ لائن پر عید منانا درحقیقت وطن عزیز کے دفاع کے مقدس مشن کی تکمیل ہے جو سال بھر جاری رہتا ہے۔ انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران فوجی جوانوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور شہداء و غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے متعلق پھر متنازع گفتگو
آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ فوجی جوانوں نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہری آبادی خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کے جانی نقصان کا بھرپور بدلہ لیا ہے۔ انہوں نے جوانوں کے بلند حوصلوں، غیر معمولی آپریشنل تیاری اور دشمن کی سیزفائر خلاف ورزیوں کے مؤثر جواب کو سراہا۔
فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی بھارتی قبضے کے خلاف حق پرست جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت کے ہائیڈرو ٹیررازم کے بھیانک نتائج ہوں گے، افسران مستقبل کی جنگ کے لیے خود کو تیار کریں، فیلڈ مارشل عاصم منیر
آرمی چیف نے مسلح افواج کی جنگی تیاریوں پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کیلئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔