2 ہزار ارب روپے کے نئے ٹیکسز کیساتھ18 ہزار ارب روپے کا نیا بجٹ آج پیش کیا جائیگا

منگل 10 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آج قومی اسمبلی میں مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش کیا جا رہا ہے، جس کا تخمینہ تقریباً 18 ہزار ارب روپے لگایا گیا ہے۔ اس بجٹ میں دو ہزار ارب روپے کے نئے ٹیکسز متعارف کروانے کی تجویز دی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے غیر ترقیاتی اخراجات کا حجم 16 ہزار 286 ارب روپے رکھا گیا ہے، جب کہ بجٹ خسارہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا تقریباً 5 فیصد، یعنی 6 ہزار 501 ارب روپے ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں:بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو 50 ارب روپے کا ریلیف ملنے کا امکان ہے، مہتاب حیدر

محصولات کی مد میں وفاقی حکومت نے 14 ہزار 131 ارب روپے ٹیکس آمدن اور 5 ہزار 167 ارب روپے نان ٹیکس آمدن کا ہدف مقرر کیا ہے، یوں مجموعی ریونیو ہدف 19 ہزار 298 ارب روپے بنتا ہے۔ حکومت کاربن لیوی 2.5 فیصد تک بڑھانے پر غور کر رہی ہے، جب کہ پٹرولیم لیوی 78 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 100 روپے فی لیٹر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ نان فائلرز کے لیے جنرل سیلز ٹیکس کی شرح 18 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔ نان فائلرز کے لیے بینکوں سے 50 ہزار روپے سے زائد کی نقد رقم نکالنے پر ٹیکس کی شرح 0.6 فیصد سے بڑھا کر 1.2 فیصد کرنے کی بھی تجویز سامنے آئی ہے۔

بجٹ میں قرضوں کی ادائیگی کے لیے 8 ہزار 207 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جب کہ دفاعی شعبے کے لیے 2 ہزار 500 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے 1 ہزار ارب روپے اور ریاستی اداروں کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 355 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ صوبوں کو 8 ہزار 206 ارب روپے منتقل کیے جائیں گے جب کہ صوبائی ترقیاتی بجٹ کا حجم 3 ہزار 300 ارب روپے رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:قومی اقتصادی سروے آج پیش کیا جائے گا، بجٹ اجلاس کا شیڈول بھی جاری

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی تجویز ہے، اور تمام تنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس کی شرح میں 2.5 فیصد کمی کی جائے گی۔ گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کو 30 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس دیا جائے گا جبکہ پنشن میں بھی 10 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ پنشن کی ادائیگیوں کے لیے 1 ہزار 55 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

سبسڈی کے لیے 1 ہزار 186 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ بجٹ میں یوٹیوبرز، فری لانسرز اور نان فائلرز پر نئے ٹیکسز نافذ کرنے کی تیاری ہے جبکہ ریٹیلرز کے لیے ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید سخت بنایا جائے گا۔ ڈیجیٹل ادائیگی پر پٹرولیم مصنوعات پر کوئی اضافی چارجز نہیں ہوں گے، البتہ نقد ادائیگی کی صورت میں فی لیٹر 2 روپے اضافی قیمت دینا ہو گی۔

بجٹ کی تیاری میں آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ سول حکومت کے جاری اخراجات کے لیے 971 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج شام 5 بجے اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں ہوگا جس میں تلاوت، حدیث، نعت اور قومی ترانے کے بعد وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بجٹ اور مالیاتی بل 2025 پیش کریں گے۔

پلاننگ کمیشن کے 4 ہزار 223 ارب روپے سے زائد کے قومی ترقیاتی منصوبے کیا ہیں؟

حکومتِ پاکستان نے آئندہ مالی سال 26-2025 کے لیے 4 ہزار 223 ارب روپے سے زائد مالیت کے قومی ترقیاتی منصوبے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق، وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حجم ایک ہزار ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے2,869 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

وفاقی سطح پر مختص رقوم:

وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے: 682 ارب روپے سے زائد

حکومتی ملکیتی اداروں کے لیے: 35 کروڑ روپے سے زائد

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کو: 226 ارب 98 کروڑ روپے

پاور ڈویژن کو: 90 ارب 22 کروڑ روپے

آبی وسائل ڈویژن کو: 133 ارب 42 کروڑ روپے

پارلیمانی، علاقائی اور صوبائی نوعیت کے منصوبے:

ارکان پارلیمنٹ کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے: 70 ارب 38 کروڑ روپے

صوبوں اور اسپیشل ایریاز کے لیے: 253 ارب 23 کروڑ روپے

صوبائی نوعیت کے منصوبے: 105 ارب 78 کروڑ روپے سے زائد

انضمام شدہ اضلاع (سابقہ فاٹا) کے لیے: 65 ارب 44 کروڑ روپے

آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے لیے: 82 ارب روپے

مزید پڑھیں: نئے بجٹ میں بڑی رقم کہاں خرچ ہوگی؟ اعداد و شمار سامنے آگئے

تعلیم، صحت و دیگر شعبے:

فیڈرل ایجوکیشن و پروفیشنل ٹریننگ: 18 ارب 58 کروڑ روپے

ڈیفنس ڈویژن: 11 ارب 55 کروڑ روپے

ہائر ایجوکیشن کمیشن: 39 ارب 48 کروڑ روپے

ریلوے ڈویژن: 22 ارب 41 کروڑ روپے

پلاننگ و ڈیولپمنٹ ڈویژن: 21 ارب روپے سے زائد

نیشنل ہیلتھ سروسز: 14 ارب 34 کروڑ روپے

وزارت داخلہ: 12 ارب 90 کروڑ روپے

وزارت اطلاعات: 6 ارب روپے سے زائد

سپارکو: 5 ارب 41 کروڑ روپے

یہ بجٹ تجاویز ترقیاتی اہداف کے حصول، علاقائی توازن، اور عوامی خدمات کے فروغ کے لیے ترتیب دی گئی ہیں اور حتمی منظوری بجٹ اجلاس میں دی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp