بیک وقت انتخابات کے لیے مذاکرات کی بحالی پر حکومت تیار

جمعہ 5 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت نے سپریم کورٹ کو الیکشن کے معاملہ پر اپوزیشن جماعت تحریک انصاف سے مذاکرات پر ’مثبت پیشرفت‘ سے آگاہ کرتے ہوئے ملک بھر میں بیک وقت انتخابات کے لیے مذاکرات کی بحالی کا عندیہ دیا ہے۔

ملک بھر بیک وقت انتخابات کے ضمن میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ  وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دو جوابات سپریم کورٹ میں جمع کرادیے ہیں۔

اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کے ذریعہ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں عدالت کو بتایا گیا ہے کہ حکومتی اتحادی اور اپوزیشن ملک بھر میں ایک تاریخ کو الیکشن کرانے پر متفق ہیں۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کے معاملہ پر فریقین میں مذاکرات پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ ’تحریکِ انصاف نے ایک تاریخ کو الیکشن کرانے پر اتفاق کیا ہے۔ ملکی کے بہترین مفاد میں مذاکرات کا عمل بحال کرنے کو تیار ہیں۔‘

اس جواب میں عدالت عظمٰی کو بتایا گیا ہے کہ حکومتی اتحادیوں نے مذاکرات میں لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسمبلیوں کو وقت سے پہلے تحلیل کرنے پر بھی غور کیا، تاہم قومی اسمبلی اور باقی صوبائی اسمبلیاں کی تحلیل کے لیے کسی تاریخ پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔

حکومتی موقف پر مبنی ایک دوسرے جواب میں بھی وفاقی حکومت نے انتخابات پر مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کرنے کےلیے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ ’حکمران اتحاد یقین رکھتا ہے کہ سیاسی معاملات کا حل سیاسی بات چیت میں ہے۔‘

حکومتی موقف پر مبنی اس جواب میں بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ بات چیت شروع ہونے کے بعد اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ ملک کے وسیع ترین مفاد میں مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کرنے پر تیار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp