لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ اینٹی کرپشن کو 8 مئی تک عثمان بزدار کی گرفتاری سے روک دیا

جمعہ 5 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کو سابق وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار کو 8 مئی تک گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ پنجاب پولیس بتائے کہ ہر کیس میں گرفتاری کیوں درکار ہوتی ہے۔ پرویز الٰہی کے گھر جو کچھ ہوا اس کے بعد انہیں اپنی آنکھیں بند نہیں کرنی چاہیے۔

جسٹس طارق سلیم شیخ بولے؛ پیر تک گرفتاری نہ ہونے سےکچھ فرق نہیں پڑتا۔ ان کا ویک اینڈ اچھا گزر جائے گا۔ انہوں نے پولیس کے نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کہتے ہیں تو نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کروا دیتے ہیں۔

اس موقع پرعثمان بزدار نے عدالت کو بتایا کہ ان کا نام پہلے ہی ای سی ایل میں موجود ہے۔ عثمان بزدار کے وکیل نے بتایا کہ صورتحال یہ ہے کہ آئے روز چھاپے مارے جا رہے ہیں مقدمات کو خفیہ رکھا جا رہا ہے، اینٹی کرپشن اور پولیس کی جانب سے ہفتے اور اتوار سے مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ لوگ اپنے گھروں میں جا نہیں سکتے۔

عدالتی استفسار پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ عثمان بزدار ابھی تک شامل تفتیش نہیں ہوئے ہیں جس پر جج نے عثمان بزدار کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آپ وزیر اعلی رہے ہوں گے مگر یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔

عثمان بزدار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کو جب طلب کیا گیا تب وہ کرونا میں مبتلا تھے۔ان کے مطابق عثمان بزدار گذشتہ روز بھی تین گھنٹے محکمہ اینٹی کرپشن میں موجود رہے لیکن انہیں بتایا گیا کہ ان کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے۔

عدالت نے اینٹی کرپشن  کو 8 مئی تک عثمان بزدار کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے درخواست لارجر بینچ میں سماعت کے لیے مقرر کرنے کی سفارش کرتے ہوئےواپس چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کر دی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp