چاند پہ اترنے والے دوسرے انسان بز ایلڈرین کی 93 ویں سالگرہ پر شاد

پیر 23 جنوری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چاند پر اترنے والے دوسرے خلا نورد ڈاکٹر بزایلڈرین نے اپنی 93 ویں سالگرہ پر شادی کر لی۔ انہوں نے یہ اطلاع سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر دی ہے۔

خلانورد ڈاکٹربزایلڈرین نے چوتھی شادی لاس اینجلس میں جمعہ کے دن اپنی پرانی دوست ڈاکٹر اینکا فاؤر کے ساتھ کی ہے۔

ڈاکٹر بز ایلڈرین نے اس حوالے سے اپنے ٹویٹ پیغام میں لکھا ہے کہ آج میری 93 ویں سالگرہ ہے، آج مجھے لیونگ لیجنڈز آف ایوی ایشن کی طرف سے اعزاز دیا جائے گا تو ایسے میں مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے ازحد خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ میری دیرینہ محبت ڈاکٹر اینکا فاؤر اور میں شادی کے بندھن میں بھی بندھ گئے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ہم لاس اینجلس میں ایک چھوٹی سی نجی تقریب میں شادی کے مقدس بندھن میں بندھے ہیں اور ایسے پرجوش ہیں کہ جیسے کوئی بھی گھر سے بھاگ کر شادی کرنے والا نوجوان جوڑا ہوتا ہے۔

بز ایلڈرین کی پہلی شادی 1954 میں جان آرچر سے ہوئی تھی جو 1974 میں اختتام پذیر ہو گئی تھی، اس شادی سے ان کے تین بچے جیمز، جینس اور اینڈریو ہیں۔

انہوں نے اس کے بعد 1975 میں بیورلی وان زیل سے شادی کی جو تین سال بعد 1978 میں طلاق پر ختم ہوئی جب کہ تیسری شادی 1988 میں لوئس ڈریگس کینن سے ہوئی اور یہ شادی بھی طلاق پر ہی 2012 اپنے انجام سے دو چار ہوئی۔

ایلڈرین کمانڈر چاند پراترنے والے پہلے شخص نیل آرمسٹرانگ کے ساتھ 1969 کے اپولو 11 چاند مشن کا حصہ تھے وہ مشن کا آخری زندہ رہ جانے والا فرد بھی ہیں۔

اس مشن میں چاند پر آرمسٹرانگ نے ایلڈرین کی تصویر کھینچی تھی جس میں وہ چاند کی سطح پر کھڑے امریکی جھنڈے کو سلامی دیتے ہوئے دکھائی دیے تھے۔

مشہور خلائی مشن کا حصہ بننے سے پہلے بز ایلڈرین نے کورین جنگ میں امریکی فضائیہ کے ساتھ بطور فائٹر پائلٹ خدمات سر انجام دی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp