پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سابقہ معروف اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر صنم چوہدری کا کہنا ہے کہ وہ ڈرامہ انڈسٹری میں دوبارہ قدم رکھ سکتی ہیں۔
حال ہی میں صنم چوہدری نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سوال جواب کا ایک سیشن کیا جس میں ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ کیا آپ حجاب کے ساتھ ڈرامہ انڈسٹری میں دوبارہ واپس آئیں گی؟
مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق اداکارہ نے کہا کہ وہ ڈرامہ انڈسٹری میں دوبارہ قدم رکھ سکتی ہوں اگر انہیں اپنی حدود میں رہ کر مکمل حجاب میں کام کرنے کی اجازت دی جائے اور اگر ڈرامہ دیکھنے والوں کو اللہ کے نزدیک کرنے کا پیغام دیا جائے تو ایسا ممکن ہے۔
View this post on Instagram
واضح رہے سابق اداکارہ صنم چوہدری نے اگست دو ہزار اکیس میں شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔ صنم چوہدری نے بتایا کہ ان کے پاس ہر چیز تھی، انہوں نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کر رکھا تھا، شادی ہوگئی تھی، اولاد بھی ہوئی تھی مگر ان کے پاس سکون نہیں تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ قرآن پاک سیکھ رہی تھیں اور ابتدائی چیپٹرز پر تھیں تو انہیں محسوس ہوا کہ سکون صرف قرآن پاک اور خدا کے ذکر میں ہے۔
صنم چوہدری کا کہنا تھا کہ جب وہ اداکاری میں تھیں تب وہ اتنی بے خبر تھیں کہ انہیں یہ تک یاد نہ رہا کہ انہیں مرنا بھی ہے اور زندگی مختصر ہوتی ہے۔ انہوں نے اللہ کا شکر ادا کیا کہ انہیں درست سمت میں چلنے کی توفیق ملی۔
انہوں نے ’عشق ہماری گلیوں میں‘، ’بھول‘، ’گھر تتلی کا پر‘، ’آسمانوں پر لکھا‘، اور ’اب دیکھ خدا کیا کرتا ہے‘ سمیت متعدد ڈراموں میں کام کیا۔ ان کا آخری نشر ہونے والا ڈراما ’میر آبرو‘ تھا، جسے ہم ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا۔