نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج متحدہ عرب امارات کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت کابینہ امور کے نائب وزیر برائے مسابقت اورتبادلہ علم عبداللہ ناصر کر رہے تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فریقین نے حکمرانی، ادارہ جاتی ترقی اور عوامی شعبے میں جدت جیسے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور دونوں ممالک کے درمیان علم و تجربے کے تبادلے کو سراہا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور آئندہ روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔