ویمنز ورلڈ کپ کا شیڈول جاری، پاک بھارت مقابلہ 5 اکتوبر کو ہوگا

پیر 16 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ورلڈکپ 2025 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا جس کے تحت پاکستان ٹیم اپنے میچز بھارت کی بجائے نیوٹرل مقام پر کھیلے گی۔

شیڈول کے مطابق ویمنز ورلڈ کپ کے میچ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستانی ٹیم کے مقابلے کولمبو میں ہوں گے۔

ویمنز ورلڈ کپ کے میچز دونوں ممالک کے 5 شہروں میں ہوں گے جن میں بینگلورو، ویزاگ (وشاکھا پٹنم)، اندور، گوہاٹی اور کولمبو شامل ہیں۔

ایک سیمی فائنل بینگلورو میں ہوگا جب کہ دوسرا کولمبو یا گوہاٹی میں کھیلا جائے گا۔ فائنل 2 نومبر کو بینگلورو یا کولمبو میں منعقد ہونے کا شیڈول ہے۔

کل 8 ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ راؤنڈ روبن فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس میں تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچز کھیلیں گی اور سرفہرست 4 ٹیمیں سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

تمام ٹیمیں ٹورنامنٹ سے پہلے 2 وارم اپ میچز بھی کھیلیں گی جو 24 ستمبر سے شروع ہوں گے۔

میزبان بھارت 24 ستمبر کو بینگلورو میں سنہ 2022 کے ایڈیشن کی رنرز اپ ٹیم انگلینڈ کے خلاف اپنا پہلا وارم اپ میچ کھیلے گا جس کے بعد 3 دن بعد 27 ستمبر کو گوہاٹی میں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا میچ ہوگا۔

اس ٹورنامنٹ کا آغاز سنہ 1973 میں ہوا تھا اور اب اس کا 13واں ایڈیشن کھیلا جا رہا ہے۔

دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا ہے جس نے سنہ 2022 میں اپنا 7 ویں بار ٹائٹل جیتا تھا۔

آسٹریلوی ٹیم نے آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کی رینکنگز میں سرفہرست رہتے ہوئے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔

آسٹریلیا کے علاوہ انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا نے بھی ویمنز چیمپییئن شپ کے ذریعے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا جب کہ میزبان بھارت کو خود بخود جگہ ملی۔

پاکستان اور بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں ٹاپ 2 پوزیشنز پر رہیں جس کے باعث انہوں نے ورلڈ کپ میں اپنی جگہ بنالی۔

پاکستانی ٹیم اپنے تمام تر میچز بھارت کے بجائے کولمبو میں کھیلے گی۔

سیمی فائنل اور فائنل میں پہنچنے کی صورت میں بھی میچز کولمبو میں ہوں گے جبکہ پاک بھارت میچ بھی 5 اکتوبر کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 2 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ اس کا مقابلہ بھارت سے 5 اکتوبر کو، آسٹریلیا سے 8 اکتوبر، انگلینڈ سے 15 اکتوبر، نیوزی لینڈ سے 18، جنوبی افریقہ سے 21 اکتوبر اور سری لنکا سے 24 اکتوبر کو ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp