ٹی20 میچ میں 3 سپر اوورز، نئی تاریخ رقم ہوگئی

منگل 17 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹی20 کرکٹ کی تاریخ کا ناقابلِ یقین اور سنسنی خیز میچ اُس وقت دیکھنے کو ملا جب نیدرلینڈز نے نیپال کو 3 سپر اوورز کے بعد شکست دیدی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی میچ کو چاہے وہ لسٹ اے ہو یا ٹی20 تیسرے سپر اوور تک لے جانا پڑا۔

نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 152 رنز بنائے اور 7 وکٹوں کے نقصان پر اننگز مکمل کی۔ آخری اوور میں نیپال کو جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے، جو نیندن یادو کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ممکن ہو گیا، جنہوں نے آخری گیند پر چوکا لگا کر میچ برابر کر دیا۔

پہلے سپر اوور میں کوشل بھرتیل نے 5 گیندوں پر 18 رنز بنائے، مگر نیدرلینڈز کی جانب سے میکس او ڈاؤڈ نے 5ویں اور چھٹی گیند پر چھکا اور چوکا لگا کر میچ کو دوسرے سپر اوور میں دھکیل دیا۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ 2024 کا تاریخی اَپ سیٹ، امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دیدی

دوسرے سپر اوور میں نیدرلینڈز نے 17 رنز بنائے، جس میں او ڈاؤڈ اور کپتان سکاٹ ایڈورڈز نے ایک ایک چھکا لگایا، مگر نیپال کے دیپیندر سنگھ ایری نے آخری گیند پر چھکا لگا کر مقابلہ تیسرے سپر اوور میں پہنچا دیا جو ٹی20 کی تاریخ کا پہلا موقع تھا۔

تیسرے سپر اوور میں نیدرلینڈز کے اسپن آل راؤنڈر زیک لائن-کیچٹ نے نیپال کی بیٹنگ کو صرف 4 گیندوں میں 2 وکٹیں لے کر ختم کردیا اور کوئی رن نہ بننے دیا۔

مزید پڑھیں: ٹی20 کرکٹ کا انوکھا ریکارڈ‘ ایک میچ میں 3 سپر اوورز؟

نیدرلینڈز کو صرف ایک رن درکار تھا، مگر مائیکل لیوٹ نے میچ یادگار بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی، اور نیپالی اسپنر ساندیپ لمیچھانے کی پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر فتح اپنے نام کی۔

مائیکل لیوٹ نے نیپالی اسپنر ساندیپ لمیچھانے کی پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر فتح اپنے نام کی

اس ناقابل فراموش مقابلے کے بعد نیدرلینڈز فتح کا جشن منا رہی ہے، جبکہ نیپال کو منگل کے روز میزبان اسکاٹ لینڈ کے خلاف میدان میں اترنا ہے، جہاں 3 ملکی ٹی20 سیریز کا سلسلہ جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp