چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کے مطابق پنجاب میں پیپرلیس ورکنگ سسٹم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔ پیپر لیس ورکنگ کے لیے ای فائلنگ اینڈ آٹو میشن سسٹم (ای ایف او ایس) متعارف کرایا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری کے مطابق پیپرلیس ورکنگ سسٹم پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے تعاون سے متعارف کرایا گیا ہے۔ اب تمام محکمے اپنی فائلیں ای ایف او ایس سسٹم کے ذریعے بھجوائیں گے۔
سیکرٹری امپلی مینٹیشن اینڈ کوارڈینیشن مریم خان نے چیف سیکرٹری کو ای ایف او ایس سسٹم بارے بریفنگ دی۔
بریفنگ کے بعد چیف سیکرٹری نے کہا کہ پیپرلیس ورکنگ ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ سسٹم سے نہ صرف پیپر اور پرنٹنگ کے اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ کام کی رفتار بھی تیز ہوگی۔
انکا مزید کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے گورننس اور سروس ڈلیوری بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
اس سے قبل پنجاب کابینہ نے پیپرلیس سسٹم کے نفاذ کی منظوری دی۔ کابینہ میٹکنگ میں فائل سسٹم بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 15 واں اجلاس ہوا جس میں پیپر لیس سسٹم کے نفاذ کی منظوری دی گئی۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق نگران حکومت کے اس اقدام سے صوبے کو اربوں روپے کی بچت ہوگی۔














