فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات باعثِ اعزاز، ایران کشیدگی پر بھی بات ہوئی، ڈونلڈ ٹرمپ

بدھ 18 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کے بعد امریکی صدر کا بیان سامنے آگیا ہے۔

ملاقات کے بعد وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بھارت کے ساتھ جنگ روکنے پر شکریہ ادا کرنے کے لیے ظہرانے پر مدعو کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: عاصم منیر بااثر شخصیت، ایٹمی ملک پاکستان کو پسند کرتا ہوں، ٹرمپ کا فیلڈ مارشل سے ملاقات سے قبل اہم بیان

ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات اعزاز ہے، ان کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے کیوں کہ پاکستان اور بھارت دونوں بڑی جوہری طاقتیں ہیں۔

ایک صحافی کے جواب میں امریکی صدر نے تصدیق کی کہ ان کی فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ایران-اسرائیل کشیدگی پر بھی بات چیت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کو بہتر طریقے سے سمجھتا ہے۔ وہ دیکھ رہے ہیں کہ کیا ہورہا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کی قیادت کی تعریف کی اور کہا کہ دونوں ممالک سے تجارت کے لیے بات ہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ہم جلد پاکستان کے ساتھ ایک بڑا تجارتی معاہدہ کرنے جارہے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان دفاعی، سلامتی اور خطے میں امن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کے لیے ایک اعلیٰ سطحی موقع تھی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات صرف امریکی صدر تک محدود نہیں، بلکہ ان کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ سے بھی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔

ان ملاقاتوں میں دوطرفہ فوجی تعاون، انسداد دہشتگردی کی حکمت عملی اور مشرق وسطیٰ و جنوبی ایشیا میں جاری سیکیورٹی صورتحال زیر بحث آنے کی توقع ہے۔

عاصم منیر بااثر شخصیت، ایٹمی ملک پاکستان کو پسند کرتا ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ پاکستان ایک اہم ایٹمی ملک ہے اور میں پاکستان کو پسند کرتا ہوں۔ پاکستان اور بھارت کی جنگ میں نے رکوائی، پاکستانی بہت اچھے لوگ ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اپنے ملک کی ایک بااثر شخصیت ہیں اور انہوں نے پاکستان کی طرف سے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا۔

ٹرمپ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایران اسرائیل جنگ کے حوالے سے ان کا تجزیہ سننا چاہیں گے، مشاہد حسین

وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس اہم ملاقات پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نہیں چاہتے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھے، اس لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ان کی ملاقات کا مرکزی نکتہ ایران اسرائیل جنگ اور بھارت ہوگا۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مشاہد حسین نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ صدر ٹرمپ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایران اسرائیل جنگ کے حوالے سے ان کا تجزیہ سننا چاہیں گے، کیونکہ یہ خطے کی صورتحال اور عالمی سیکیورٹی پالیسی کے لیے نہایت اہم مسئلہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان اور بھارت کو بتا دیا تھا جنگ نہ روکنے پر امریکا آپ سے تجارت نہیں کرےگا، ڈونلڈ ٹرمپ

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی حالیہ اسٹریٹجک کامیابیوں، بالخصوص بھارت کو شکست دینے کے بعد امریکی قیادت پاکستان کو ایک نئے زاویے سے دیکھ رہی ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیت اور عسکری بصیرت عالمی سطح پر توجہ حاصل کررہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp