اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تاریخ رقم: ایک دن میں 7 پروازیں، سیاحت کے نئے دور کا آغاز

جمعرات 19 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے آج اپنی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش دن گزارا، جب ملک کے مختلف شہروں سے ایک ہی دن میں مجموعی طور پر 7 پروازوں نے اس دلکش خطے کے ہوائی اڈے پر لینڈ کیا۔ اس روز اسکردو ایئرپورٹ نے نہ صرف ایک نیا ریکارڈ قائم کیا بلکہ گلگت بلتستان میں سیاحت، معاشی سرگرمیوں اور قومی روابط کے نئے باب کا آغاز بھی کیا۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ان پروازوں میں 4 پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (PIA) اور 3 ایئر بلیو کی پروازیں شامل تھیں۔ پروازوں کا یہ سلسلہ اسلام آباد سے 4، کراچی سے 2 اور لاہور سے ایک پرواز پر مشتمل تھا۔ ایئرپورٹ حکام نے مزید بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے جب اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک دن میں 14 پروازیں آپریٹ کی گئیں، جو کہ اس خطے کی بڑھتی ہوئی فضائی اہمیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیے پی آئی اے کا لاہور سے اسکردو اور گلگت کے لیے دوطرفہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان

یہ پروازیں صرف اعداد و شمار نہیں، بلکہ خوابوں کی وہ پروازیں ثابت ہوئیں جو اسکردو کو نہ صرف پاکستان کے بڑے شہروں سے جوڑ رہی ہیں بلکہ دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے لیے بھی دروازے کھول رہی ہیں۔

آج کی بیشتر پروازوں میں آنے والے مسافروں کی اکثریت سیاحوں پر مشتمل تھی، جن میں بیرونِ ملک سے آنے والے سیاح بھی شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیے پی آئی اے کا لاہور اور شمالی علاقہ جات کے درمیان براہ راست پروازوں کا اعلان

اسکردو کے نیلگوں آسمان سے اُترتے ہوئے یہ جہاز دراصل خوشحالی، ترقی اور عالمی سطح پر رابطے کی نئی امید کی خبر دے رہے ہیں۔ اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا یہ سنگِ میل اس پورے خطے کے روشن مستقبل کی نوید بھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp