پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھا ایک روزہ کرکٹ میچ بھی جیت لیا، بڑے مارجن سے کامیابی

جمعہ 5 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے نیوزی لینڈ  کو چوتھے  ایک روزہ میچ میں  102 رنز سے ہراکر نہ صرف 5 میچوں کی رواں سیریز کے اب تک کے تمام میچز اپنے نام کرلیے بلکہ ون ڈے کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کرلی۔

کراچی میں کھیلے جانے والے چوتھے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 335 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن نیوزی لینڈ کی ٹیم 43.4 اوورز میں صرف 232 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے اس کے کپتان ٹام لیتھم 60 اور مارک چیپمین 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ڈیرل مچل 34 ، ٹام بلینڈل 23 ، ویل ینگ 15 اور جیمز نیشم 11 رنز بنا سکے۔

ایش سودھی 9 اور کول میکونچی 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بلیئر ٹکنر 6 اور میٹ ہینری 5 رنز بناسکے۔

پاکستان کی جانب سے اسامہ میر نے 4 وکٹیں لیں اور محمد وسیم نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ حارث رؤف 2 اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز اسکور کیے۔

گرین شرٹس کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے شاندار سنچری بنائی۔ انہوں نے 117 گیندوں پر 107 رنز اسکور کیے۔

شان مسعود نے 44، محمد رضوان نے 24، افتخار احمد نے 28 جبکہ آغا سلمان نے 58 رنز اسکور کیے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 3 جبکہ ایش سودھی اور بین لسٹر ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے میچ میں پاکستان ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی گئیں۔ پہلے تین میچز میں باہر بیٹھنے والے کھلاڑی، افتخار احمد، شان مسعود محمد حارث، اسامہ میر اور ھارث رؤف کو آج کےمیچ میں شامل کیا گیا ہے۔

امام الحق، عبد اللہ شفیق، محمد نواز، شاداب خان اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا ہے۔

کیویز نے بھی اپنے پلیئنگ الیون میں 3 تبدیلیاں کی ہیں۔ جمی نیشم، بین لیسٹر اور بلیئر ٹکنز کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ ہنری نکولس، ایڈم ملنے اور ہنری شلپے کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے 12 سال بعد ون ڈے سیریز میں مہمان ٹیم کو ہرا کر سیریز اپنے نام کی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں ایک روزہ میچ اتوار کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام

پاکستانی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، شان مسعود، فخر زمان، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان، محمد حارث، افتخار احمد، آغا سلمان، محمد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور اسامہ میر شامل تھے۔

کیویز کا اسکواڈ کپتان ٹام لیتھم، ٹام بلنڈیل، مارک چیپ مین، میٹ ہنری، بین لسٹر،کول میکونچی، ڈیرل مچل، جمی نیشم، ایش سودھی، بلیئر ٹکنر، ول ینگ شامل تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp