اداکارہ عائشہ خان کی موت کی وجہ طبعی یا کچھ اور؟ پولیس نے بتا دیا

جمعہ 20 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے گلشن اقبال بلاک 7 میں واقع ایک فلیٹ سے سینیئر اداکارہ عائشہ خان کی لاش ملنے کے واقعے پر پولیس کا موقف سامنے آگیا ہے۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق اداکارہ کی موت طبعی ہے تاہم مزید تفصیلات میڈیکل رپورٹ کے بعد واضح ہوں گی، پولیس نے بتایا کہ فلیٹ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں، کزنز اور پڑوسیوں سے بیان بھی لے لیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: سینیئر اداکارہ عائشہ خان کی ایک ہفتہ پرانی نعش برآمد، شوبز انڈسٹری کا اظہار افسوس

اردو ڈراموں کی کامیاب اداکارہ عائشہ خان کی لاش کراچی میں رات گئے گلشن اقبال بلاک 7 سے  ان کے فلیٹ سے ملی تھی، وہ فلیٹ میں اکیلے رہتی تھیں، پولیس کے مطابق ان کی لاش ایک ہفتہ پرانی ہے۔

عائشہ خان نے کئی کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے

قریبی ذرائع کے مطابق عائشہ خان کی عمر 73 سال کے لگ بھگ تھی۔ گھر سے بدبو پھیلنے پر علاقہ مکینوں نے رشتہ داروں کو اطلاع دی جس کے بعد عائشہ خان کی لاش کو جناح اسپتال اور وہاں سے سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے منتقل کیا گیا۔

علاقہ مکین کے مطابق اداکارہ عائشہ خان 80 کی دہائی سے یہاں رہائش پزیر تھیں، کچھ عرصہ قبل وہ فلیٹ کی یونین میں بھی شامل تھیں، کچھ دن پہلے ان کی ٹانگ میں فریکچر ہوا جس کے بعد سے وہ گھر سے بایر نہیں نکلتی تھیں۔

تفصیلات کے مطابق لاش کا پوسٹ مارٹم نہیں کیا گیا کیونکہ اداکارہ کا بیٹا بیرون ملک سے آرہا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ لواحقین کے کہنے پر پوسٹ مارٹم  کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے: ’لندن سے بہتر سیکیورٹی تو پاکستان میں ہے‘، اداکارہ ماہرہ خان کو فلم کی تشہیر کے دوران ہراسانی کا سامنا

اداکارہ عائشہ خان کے رشتہ دار کا کہنا ہے کہ  ان کی نماز جنازہ پوسٹ مارٹم کے بعد آج ادا کی جائے گی۔

اداکارہ عائشہ خان نے کئی کامیاب ڈراموں میں اداکاری کی، ان کے مشہور ڈراموں میں افشاں، عروسہ، فیملی 93 اور مہندی شامل ہیں۔ تاہم وہ گزشتہ کئی سالوں سے ڈراموں سے دور تھیں، وہ اداکارہ خالدہ ریاست کی بڑی بہن تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp