دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص اور ایمازون کے بانی جیف بیزوز اگلے ہفتے اپنی منگیتر لورین سانچز کے ساتھ دوسری شادی کرنے جارہے ہیں، جس کے لیے وہ ساڑھے چار ارب روپے سے زائد (160 لاکھ ڈالرز) خرچ کرنے والے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مکیش امبانی ایک بار پھر بھارت کے امیر ترین فرد بن گئے، کل مالیت کتنی ہوگئی؟
برطانوی روزنامے ٹیلیگراف کی رپورٹ کے مطابق یہ شادی جون کے آخری ہفتے میں اٹلی کے تاریخی شہر وینس میں ہوگی، جہاں جیف بیزوز اپنے ذاتی 50 کروڑ ڈالرز کی یاٹ پر پہنچیں گے۔
شادی پر متوقع اخراجات
10 لاکھ ڈالرز پھولوں اور عمارات کی سجاوٹ پر
20 لاکھ ڈالرز تاریخی عمارات کے کرایے پر
10 لاکھ ڈالرز کھانے کے انتظامات پر
15 لاکھ ڈالرز دلہن کے لباس پر
20 لاکھ ڈالرز مہمانوں کے قیام پر
30 لاکھ ڈالرز شادی انتظامیہ کو ادا کیے جائیں گے
وینس کے عوام کا احتجاج
شادی کی تقریبات Palazzo Pisani Moretta، ہوٹل Excelsior اور دیگر تاریخی عمارات میں ہونے کا امکان ہے، جس پر وینس کے رہائشی برہم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ شادی وینس کی روح کو سیاحت کے نام پر فروخت کرنے کے مترادف ہے، یہاں بیزوز جیسے سرمایہ داروں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے ہاں 14ویں بچے کی پیدائش
مقامی افراد کے مطابق، شہر پہلے ہی رہائش کی قلت، مہنگائی اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل کا شکار ہے، اور اس قسم کی تقریبات صرف سیاحتی کاروبار کو فروغ دیتی ہیں، عوامی فلاح کو نہیں۔
شادی میں کون کون شریک ہوگا؟
شادی میں بل گیٹس، ایلون مسک، مارک زکربرگ اور ہالی وڈ کی اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے، مہمانوں نے وینس کے سب سے مہنگے ہوٹل کمرے پہلے ہی بک کرلیے ہیں۔
پہلا نکاح اور مہنگی طلاق
یاد رہے کہ جیف بیزوز نے 1993 میں میکنزی اسکاٹ سے شادی کی تھی، جو 25 سال بعد 2019 میں طلاق پر ختم ہوئی۔ اس طلاق میں بیزوز نے اپنی سابقہ اہلیہ کو 35 ارب ڈالرز ادا کیے تھے۔