محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک بارش، آندھی اور ٹھنڈی ہوائیں ملک کے مختلف حصوں میں موسم کو خوشگوار بنائے رکھیں گی۔ ملک بھر میں پری مون سون سسٹم سرگرم ہے۔ اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں رات بھر جاری رہنے والی موسلادھار بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ حبس، گرمی اور لو کا زور ٹوٹ گیا، اور درجہ حرارت میں واضح کمی سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔
ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کے ستائے لوگوں کو راحت بخشی، جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 24 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل کھل کر برسے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں پہلی مون سون بارش کب ہوگی، پہلا اسپیل کب تک چلے گا؟
دوسری جانب پنجاب اور سندھ میں آج آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔
بلوچستان میں شدید گرمی اور گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ پشاور، مردان، شانگلہ، کوہستان، ایبٹ آباد، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اور راولپنڈی میں بھی آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: مون سون 2025: معمول سے زیادہ بارشیں، سیلاب اور اربن فلڈنگ کا خطرہ، محکمہ موسمیات
زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ بارشیں دھان کی فصل کی کاشت کے لیے مفید ہیں، مگر کسانوں کو چاہیے کہ فصل لگانے سے قبل موسم کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو سیاحتی مقامات کا رخ کرتے وقت احتیاط برتنے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے آگاہ رہنے کی ہدایت کی ہے۔