معروف بالی ووڈ اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بھارتی فلم انڈسٹری میں موجود اقربا پروری (Nepotism) اور غیر مساوی رویوں پر شدید تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلموں میں مرکزی کردار نہ نبھانے والے فنکاروں کو اکثر ’کم تر انسان‘ سمجھا جاتا ہے۔
ان کا کہنا ہے ’جب آپ فلم کے ہیرو نہیں ہوتے تو آپ کو کم تر محسوس کروایا جاتا ہے۔ ساری اہمیت مرکزی اداکاروں کو دی جاتی ہے، جبکہ ہم جیسے کردار ادا کرنے والے فنکاروں کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔‘
’ انڈسٹری 100 فیصد اقربا پروری پر کھڑی ہے‘
فاطمہ نے تسلیم کیا کہ انہوں نے بطور معاون اداکار کئی چھوٹے کردار ادا کیے، اور اس دوران انہیں بارہا امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیے ’بالی ووڈ چور ہے کبھی گانے چراتا ہے کبھی کہانیاں‘، نواز الدین صدیقی
میں نے کردار نگاری بھی کی ہے اور چھوٹے رولز بھی کیے ہیں۔ اس دوران جو فرق میں نے محسوس کیا وہ بالکل حقیقت ہے۔ یہ انڈسٹری 100 فیصد اقربا پروری پر کھڑی ہے۔‘
’نئے فنکاروں کو عزت دینا میری ذمے داری ہے‘
فاطمہ ثنا شیخ نے کہا کہ وہ ہمیشہ کوشش کرتی ہیں کہ نئے یا کم معروف فنکاروں کے ساتھ عزت سے پیش آئیں، تاکہ انہیں وہ احساس نہ ہو جو کبھی انہوں نے خود محسوس کیا تھا۔
’اگر کوئی نیا فنکار سیٹ پر ہو، تو میں کوشش کرتی ہوں کہ اس سے عزت سے پیش آؤں، تاکہ وہ کمتر محسوس نہ کرے۔‘
’بعض اداکار ہر سین کا مرکز بننا چاہتے ہیں‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کبھی کسی ساتھی اداکار نے کوئی نا مناسب یا احمقانہ بات کی؟ انہوں نے جواب دیا کہ اگرچہ انہیں براہِ راست بدتمیزی کا سامنا نہیں ہوا، لیکن بعض اداکار ایسے ضرور ہوتے ہیں جو ہر سین میں خود کو نمایاں کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے بالی ووڈ میں گندی فلمیں بنتی ہیں، سلمان خان کا اعتراف
’ایسے لوگ ہوتے ہیں جو ہر منظر کا مرکز بننا چاہتے ہیں، چاہے سین ان کے بارے میں نہ ہو۔ یہ رویہ نہ صرف غیر پیشہ ورانہ ہے بلکہ دوسرے فنکاروں کے لیے بھی مایوس کن ہوتا ہے۔‘
’جب سین کا مرکز آپ نہیں ہوتے، تو پیچھے ہٹ جانا ہی بہتر ہے۔‘
بچپن سے بڑے پردے تک کا سفر
فاطمہ ثنا شیخ نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور چائلڈ آرٹسٹ کیا، جنہیں ’عشق‘ اور ’چچی 420 ‘ جیسی فلموں میں دیکھا گیا۔ 2008 میں انہوں نے ’تیہان‘ میں مرکزی کردار سے ڈیبیو کیا، لیکن ان کی اصل پہچان 2016 کی سپر ہٹ فلم ’دنگل‘ سے ہوئی، جس میں انہوں نے ریسلر گیتا پھوگٹ کا کردار ادا کیا۔
فاطمہ ان دنوں کئی فلمی پراجیکٹس میں مصروف ہیں جن میں میٹرو اِن دنوں، گستاخ عشق، اور آپ جیسا کوئی نہیں شامل ہیں۔