غزہ میں جنگ بہت سخت، بوجھ ناقابل برداشت، اسرائیلی صدر کا اعتراف

بدھ 25 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے اعتراف کیا ہے کہ غزہ میں جنگ بہت سخت ہے، جھڑپیں شدید ہیں اور بوجھ ناقابل برداشت ہے۔

 معروف اسرائیلی اخبار’ دی ٹائمز آف اسرائیل‘ کے مطابق اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے ہلاک ہونے والے 7 فوجیوں کی ہلاکت پر کہا ہے کہ یہ ’انتہائی دردناک صبح ہے‘۔

انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ غزہ میں جنگ بہت سخت ہے، لڑائیاں شدید ہیں، اور یہ بوجھ ناقابلِ برداشت ہوتا جا رہا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے غزہ میں جھڑپوں کے دوران اسرائیل کے 7 فوجی ہلاک

یاد رہے کہ منگل کے روز غزہ میں حماس کے القسام بریگیڈ کے ساتھ جھڑپوں کے دوران اس کے 7 فوجی ہلاک ہو گئے۔
فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام اہلکاروں کی عمریں 19 سے 21 برس کے درمیان تھیں اور ان کا تعلق اسرائیلی فوج کی 605ویں کامبیٹ انجینئرنگ بٹالین سے تھا۔ ان میں سے ایک پلاٹون کمانڈر بھی تھا۔

غزہ کے علاقے خان یونس میں حماس کے القسام بریگیڈ کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے 7 اسرائیلی فوجی

فوج نے ہلاک ہونے والے 6 اہلکاروں کے نام جاری کر دیے ہیں، جب کہ ساتویں اہلکار کا نام تاحال ظاہر نہیں کیا گیا کیونکہ اس کے اہلِ خانہ کو ابھی اطلاع نہیں دی گئی۔

یہ بھی پڑھیے غزہ میں اسرائیل کا سب سے بڑا جانی نقصان، ایک ہی دن میں 24 اسرائیلی فوجی ہلاک

اسرائیلی فوج کی طرف سے بیان میں مزید بتایا گیا کہ اسی یونٹ کا ایک اور اہلکار شدید زخمی ہوا ہے، جسے طبی امداد کے لیے اسرائیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ واقعہ غزہ میں جاری حالیہ جھڑپوں اور فوجی کارروائیوں کے دوران پیش آیا ہے، جہاں اسرائیلی افواج اور فلسطینی گروہوں کے درمیان کئی ہفتوں سے شدید لڑائی جاری ہے۔ اسرائیل کو غزہ میں شدید مزاحمت کا سامنا ہے، جب کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیل کے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 7 اکتوبر کے بعد اب تک 430 اسرائیلی فوجی غزہ میں مارے جاچکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp