جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت پانے والے میجر سید معیز عباس شاہ کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان عالمی امن کا داعی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
نمازِ جنازہ میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام، افسران اور جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ میجر سید معیز عباس نے شدید مزاحمت کے باوجود جرات و بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، انہوں نے فرض شناسی، قربانی اور حب الوطنی کی اعلیٰ روایات کو برقرار رکھا۔
’پوری قوم ان کے عظیم جذبے کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی قربانی پر فخر کرتی ہے، ہمارے شہدا کا لہو وطن کی طاقت کی بنیاد ہے اور ہم ان کے احسان مند رہیں گے۔‘
یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ظہرانہ، مینیو میں کیا تھا؟
37 سالہ شہید میجر سید معیز عباس شاہ کا جسدِ خاکی ضلع چکوال میں ان کے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔