پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مغدم نے ایران اسرائیل کشیدگی کے دوران حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ایران کے تاریخی اور اہم موڑ پر جب کہ ہماری سرزمین ایک باوقار اور فیصلہ کن جنگ بندی کے نفاذ کے ساتھ ایک عظیم اور جراتمندانہ فتح کا جشن منا رہی ہے، میں پاکستان کی حکومت اور عوام کا دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم کا ایرانی صدر کو ٹیلیفون، تمام سفارتی فورمز پر ایران کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ
ان کا کہنا تھا کہ صہیونی ریاست کی غیرمنصفانہ اور مسلط کردہ جارحیت کے خلاف، جس کا نشانہ برادر اور دوست اسلامی ملک ایران بنا، پاکستان نے ثابت قدمی اور وقار کے ساتھ ہمارے ساتھ کھڑے ہو کر اپنی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان، مذہبی رہنماؤں، سیاسی جماعتوں، اور میڈیا کے نمائندگان کا ان کے ‘اصولی اور جراتمندانہ’ موقف پر شکریہ ادا کیا۔
At this historic and momentous juncture, as the great nation of Iran celebrates a dignified and decisive victory—culminating in the imposition of a just and powerful ceasefire upon the belligerent adversary—I wish to extend my heartfelt appreciation to the government and people…
— Reza Amiri Moghadam (@IranAmbPak) June 25, 2025
ایرانی سفیر نے لکھا کہ میں پاکستان کی وزارت خارجہ کا دلی طور پر شکرگزار ہوں جس نے اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور او آئی سی سمیت مختلف عالمی فورمز پر اسلامی جمہوریہ ایران کے حق میں مسلسل اور مضبوط حمایت فراہم کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر کو ٹیلیفون، پاکستان کی طرف سے اظہار یکجہتی
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام اور حکومتیں تاریخی طور پر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑی رہی ہیں، ایران کے عوام پاکستانی قوم کی جانب سے برادری اور حمایت کے اس تاریخی مظاہرے کو کبھی نہیں بھولیں گے۔
رضا امیری نے لکھا کہ یہ تاریخ ساز فتح مسلم امہ کی اجتماعی یادداشت میں فخر، طاقت، خود اعتمادی، ہمت اور سچائی کی بالادستی اور باطل پر حق کے غلبے کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔