لاہور میں ایک غیر نمونہ نمبر پلیٹ والی گاڑی کو روکنا ٹریفک وارڈنز کو مہنگا پڑ گیا، وکلا نے ٹریفک وارڈنز کی پٹائی کردی۔
یہ بھی پڑھیں: ’ان کو نشانِ عبرت بنانا چاہیے‘، عدالت پیشی کے موقع سلمان فاروقی کی پٹائی ہو گئی
لاہور کے علاقے مزنگ میں وکلا اور ٹریفک وارڈنز کے درمیان معمولی بات پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا اور بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی، ٹریفک وارڈنز نے غیر نمونہ نمبر پلیٹ پر ایک گاڑی کو روکا جس میں وکلا سوار تھے، ٹریفک وارڈنز کی جانب سے روکے جانے پر وکلا نے ٹریفک وارڈنز پر تشدد کیا۔
لاہور، مزنگ
وکلاء کا ٹریفک وارڈن کو سڑک پر لٹا کر تشدد pic.twitter.com/WlkOlMwbNC— Muhammad Umair (@MohUmair87) June 26, 2025
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وکلا اور ان کے ساتھی ٹریفک وارڈن پر لاتوں اور گھونسوں سے حملہ کر رہے ہیں۔ موقع پر موجود شہریوں نے واقعے کی ویڈیو بنائی، جس میں ٹریفک وارڈنز کو مزاحمت کرتے اور وکلا کو روکنے کی کوشش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی ایچ اے لاہور میں گارڈز کی پٹائی ویگو سواروں کو مہنگی پڑ گئی
تشدد کے بعد وکلا جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم وکلا کے 3 ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
واقعے پر سی ٹی او لاہور نے کہا کہ میری فورس کا ہر ایک جوان میرے لیے اہمیت کا حامل ہے، کار سرکار میں مداخلت اور وارڈنز پر تشدد کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔