حکومت کی جانب سے بجٹ 2025-26 میں اعلان کیا گیا تھا کہ سولر پینلز پر 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) عائد کیا جائے گا، بعدازاں عوامی بے چینی کے پیش نظر اسے کم کر کے 10 فیصد کر دیا گیا ہے۔ تاہم سولر پینلز پر پہلی بار اس قدر بھاری بھرکم جی ایس ٹی عائد ہونے کے بعد سولر پینل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس فیصلے سے سولر پینل لگوانے کے خواہشمند افراد کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے حکومت نے عوام کا بڑا مطالبہ مان لیا، سولر پینلز پر سیلز ٹیکس میں کمی کا اعلان
پاکستان سولر ایسوسی ایشن کے وائس چئیرمین آفاق علی خان نے وی نیوز کو بتایا کہ پاکستان تیزی سے سولر پینلز نصب کروانے والے ممالک میں شامل ہے۔ اور مہنگی بجلی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے گھریلو صارفین کی ایک بڑی تعداد سولر لگوانے کی خواہشمند تھی لیکن حکومت کے اس اقدام سے ان تمام افراد کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے۔ مگر شکر ہے کہ حکومت کی جانب سے 18 کے بجائے ٹیکس 10 فیصد کر دیا گیا ہے۔ ورنہ سولر پاور انڈسٹری مزید متاثر ہوتی۔
آفاق علی خان نے بتایا کہ ابھی سولر پینل کی قیمت فی واٹ 34 روپے سے 42 روپے کے درمیان ہے۔ اور ٹیکس عائد ہونے کے بعد 34 روپے فی واٹ سولر پینل کی قیمت 39 روپے تک چلی جائے گی۔ اسی طرح ہر برانڈ کے سولر پینل پر تقریباً اسی حساب سے ہی اضافہ ہوگا۔
جینیسس پاور سلیوشنز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر انجینئر نور بادشاہ نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے بیشک 18 سے کم کر کے ٹیکس 10 فیصد کر دیا ہے۔ لیکن اس کے باوجود جب جی ایس ٹی 10 فیصد ہوگا۔ تو ودہولڈنگ ٹیکس بھی 5 فیصد لگے گا۔ اور 2 فیصد کچھ مزید ٹیکسز بھی لگتے ہیں جس کے بعد 17 فیصد ٹیکس بن جاتا ہے۔ اسی طرح اگر 18 فیصد ٹیکس عائد ہوتا تو سب کچھ ملا کر تقریباً مجموعی ٹیکس 25 فیصد بن جاتا۔
یہ بھی پڑھیے پنجاب میں سولر پینلز لگانے والے ہوجائیں خبردار، صوبے میں نئی پالیسی لاگو ہوگئی
نور بادشاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت سولر پینل کی فی واٹ قیمت تقریباً 33 روپے سے شروع ہو کر 42 روپے تک جا رہی ہے۔ اور یہ ٹیکسز عائد ہونے کے بعد 33 روپے والے فی واٹ سولر پینل کی قیمت تقریبا 39 روپے ہو گئی ہے۔ یعنی 6 روپے اضافہ ہوا ہے۔
ڈائریکٹر ری نری سلیوشنز شرجیل احمد سلہری کا کہنا تھا کہ سولر پینلز کی قیمتوں میں تقریباً 15 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ حکومت نے سولر پینلز پر اضافی سیلز ٹیکس عائد کیا ہے۔ اس وقت اگر ابھی فی واٹ سولر پینل کی قیمت 35 روپے ہے تو تقریبا 41 روپے ہو جائے گی۔ اور یہ قیمت سولر پینل کی کوالٹی اور برانڈ پر منحصر ہے مگر ہر برانڈ پر تقریباً اتنا ہی اضافہ ہوگا۔