جمعرات کی علی الصبح پنجاب بھر میں شدید طوفانی بارش اور آندھی کے باعث فضائی نظام متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں اسلام آباد سے دبئی جانے والی غیر ملکی ایئرلائن کی ایک پرواز روٹ سے ہٹ کر بھارتی فضائی حدود میں داخل ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے پائلٹ نے اسرائیل کی طرف داغے گئے ایرانی میزائلوں کی ویڈیو بنالی، سوشل میڈیا پر وائرل
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق امارات ایئرلائن کی پرواز EK-715 صبح4 بجے اسلام آباد سے دبئی کے لیے روانہ ہوئی۔ تاہم خراب موسم اور شدید طوفان کے باعث جہاز اپنی متعین پروازی راہ (فلائٹ پاتھ) سے بھٹک گیا اور نارووال کے قریب سے صبح 4 بج کر 25 منٹ پر غیر ارادی طور پر بھارتی فضائی حدود میں داخل ہو گیا۔
خوش قسمتی سے، پرواز بھارتی حدود میں تقریباً 12 منٹ رہنے کے بعد صبح 4 بج کر 36 منٹ پر دوبارہ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہو گئی۔ جہاز نے قصور کے قریب سے یو ٹرن لیتے ہوئے دوبارہ روٹ سنبھالا اور بعد ازاں دبئی کے لیے اپنی پرواز مکمل کی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے دوسرے دور کا ابوظہبی میں انعقاد
شدید موسمی حالات کے باعث نہ صرف امارات کی پرواز متاثر ہوئی، بلکہ درجن سے زائد بین الاقوامی پروازوں کو بھی پاکستانی فضائی حدود میں تاخیر یا راستہ بدلنے جیسے مسائل کا سامنا رہا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق بینکاک سے لندن جانے والی تھائی ایئرویز کی پرواز کو 15 منٹ تک پاکستان کی فضائی حدود میں چکر کاٹنا پڑا۔ اسی طرح دیگر متاثرہ پروازوں میں ٹائپی سے پیرس، باکو سے اسلام آباد، لندن سے اسلام آباد، منیلا سے استنبول، دہلی سے استنبول، مسقط سے لاہور اور استنبول سے لاہور جانے والی پروازیں شامل تھیں۔
یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے فلائٹ 544 ہائی جیکنگ، بھارت کی پراکسی جنگ کا ایک پرانا باب
پاکستان کے مختلف علاقوں، خصوصاً پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مون سون بارشوں کے باعث موسم اگرچہ خوشگوار ہو چکا ہے، لیکن طوفان اور آندھی کے باعث معمولات زندگی اور فضائی نظام بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
ایوی ایشن حکام اور ایئر ٹریفک کنٹرول ذرائع کے مطابق، اس قسم کے خراب موسم میں فضائی حدود کی نگرانی اور پائلٹس کو فوری رہنمائی فراہم کرنا انتہائی اہم ہوتا ہے تاکہ ایسی کسی بھی غیر متوقع صورتحال کو بغیر نقصان کے سنبھالا جا سکے۔