محکمہ موسمیات کے مطابق آج بروز جمعه کشمیر، خیبرپختونخوا، اسلام آباد ، پنجاب، سندھ اور شمال مشرقی، جنوبی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقاما ت پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
دوسری طرف نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے بھی پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسلا دھار بارشوں، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔
ادارے کے الرٹ کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور سندھ میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو، نوابشاہ، لاڑکانہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

خیبرپختونخوا میں چترال، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباداور آزاد کشمیر میں مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، راولا کوٹ، حویلی، ہٹیاں بالا میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں مغربی سسٹم کے تحت گلگت بلتستان کے علاقوں بشمول دیامیر، استور، غزر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے اور شگر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ممکنہ بارشوں کے باعث دریائے ہنزہ، خنجراب، کلک، چپرسان، شمشال اور برالدو کے قرب و جوارمیں ندی نالوں میں طغیانی اور سیلاب کا خدشہ ہے۔ خدا آباد، کریم آباد، نگر، اور گلمیت جیسے سیاحتی مقامات متاثر ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے عوام الناس کو خبردار کردیا
این ڈی ایم اے نے عوام الناس کو خبردار کیا ہے کہ وہ کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، اور بل بورڈز سے دور رہیں۔ اس کے علاوہ برقی آلات کو محفوظ بنائیں۔ خطرے سے دوچار علاقوں میں سفر سے گریز کریں، ندی نالے عبور نہ کریں، مویشیوں اور قیمتی سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔














