’ 71 سال کا صبر ‘: بالاآخر کنگ چارلس کی پروموشن ہوگئی

ہفتہ 6 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملکہ الزبتھ کے انتقال کے بعد برطانیہ کے بادشاہ بننے والے کنگ چارلس سوم تاریخی کنگ ایڈورڈ تاج پہننے والے برطانیہ کے 7 ویں بادشاہ بن چکے ہیں۔ شاہ چارلس سوم کی تاج پوشی کی تقریب لندن کے شاہی چرچ ویسٹ منسٹر ایبی میں کی گئی جس میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دنیا بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

تاج پوشی کی تقریب اپنے آپ میں ایک تاریخی حیثیت رکھتی ہے اور ماضی میں اس کو دیکھنے والے افراد اس تقریب کی تاریخی اہمیت سے تو خوب واقف ہیں لیکن اکیسویں صدی کی نوجوان نسل کے لیے اس کو دیکھنا یقینا ایک نیا تجربہ ہوگا۔ کنگ چارلس سوم کی تاج پوشی کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بنی تو صارفین کی جانب سے انتہائی جوش وخروش کے ساتھ تبصرے کیے گئے ، کسی نے طنز و مزاح کا سہارا لیا تو کسی کی رگ ظرافت پھڑک اٹھی، کسی کے لیے تاج پوشی کی تقریب دیکھنا پہلا تجربہ تھا تو کوئی صارفین کے رد عمل کو تنقید کا نشانہ بناتا نظر آیا۔

کنگ چارلس کے طویل عرصے بعد بادشاہ بننے پر طنز کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا صدیوں کی محنت کے بعد آخرکار پروموشن ہو ہی گئی۔

 


گفتگو مزید آگے بڑھی تو کچھ صارفین کو اس موقع پر شہزادی ڈیانا کی یاد ستائی ، ایک صارف نے لکھا برطانیہ کی اصل ملکہ شہزادی ڈیانا ہی رہے گی۔


جہاں دنیا کے باقی ممالک سے تعلق رکھنے والے صارفین سوشل میڈیا پر تبصروں اور تجزیوں کا ایک طوفان لے آئے وہی پاکستانی صارفین بھی کسی سے پیچھے نہ رہے اسی حوالے صحافی مطیع ﷲ جان نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو ٹویٹ کی جس میں وہ بڑے جوش و خروش سے تاج پوشی کی تقریب دیکھ رہے ہیں، ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ زندگی میں ایک بار آپ کسی بادشاہ کی تاج پوشی کرتے ہوئے دیکھتے ہیں۔


پاکستانی میڈیا پر ہر جانب کنگ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب دیکھائی جا رہی تھی جس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فیصل نعمان نامی صارف نے لکھا پاکستانی میڈیا 3گھنٹے سے چارلس کی تاجپوشی کی تقریب ایسے دکھا رہے ہیں جیسے یہ دکھانے سے پاکستانیوں کو آٹا سستا مل جائے گا


جہاں صارفین کی جانب سے میمز کا ایک طوفان امڈ آیا وہی کچھ صارفین کنگ چارلس کے صبر کو داد دیے بنا نہیں رہ سکے ، اسی حوالے سے منصور نامی صارف لکھتے ہیں 71 سال انتہائ صبر کے بعد آخر کار شہزادہ کنگ چارلس بن ہی گئے


تاج پوشی کی تقریب میں خرچ ہونے والی رقم کو کسی اچھے کام میں لگانے کا مشورہ دیتے ہوئے صارف فیض ﷲ خان نے لکھا 35 سو کروڑ کی زائد کی رقم اس تقریب میں لگانے کے بجائے نجانے کتنے غریب بچیوں کی شادیاں ہوسکتی تھی ، مگر خیر جانے دیں


واضح رہے کہ تاج پوشی کی تقریب کی تیاریاں کئی روز سے برطانیہ میں جاری تھیں جبکہ دنیا بھر سے بڑی تعداد میں ایسے سیاح بھی لندن پہنچے جو تقریب کو براہ راست دیکھنے کے خواہش مند تھے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ بادشاہ کی تاج پوشی کی تقریب کو دیکھنا ان کے لیے ایک ایسا تجربہ ہے جو ہمیشہ یاد رہے گا جبکہ کچھ صارفین ایسے بھی ہیں جو چاہتے ہیں کہ اس تقریب کا جشن منانے والے افراد کو غلامی کی بیڑیاں اب تک جکڑی ہوئی ہیں اور ان کو ذہنی غلامی سے خود کو آزاد کرنے کی ضرورت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp