سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں کے فیصلے کے خلاف دائر نظرثانی درخواستوں منظور ہوگئیں جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مخصوص نشستوں سے محروم ہوگئی ہے۔
اس اہم فیصلے کے بعد حکومت کو قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل ہوجائے گی جبکہ تحریک انصاف کے بجائے مخصوص نشستیں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی سمیت دیگر جماعتوں کو دی جائیں گی۔
فیصلے کے بعد قومی اسمبلی کی 22 اور صوبائی اسمبلی کی 55 نشستیں حکومتی اتحاد کو مل جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیے: مخصوص نشستوں کا فیصلہ: سپریم کورٹ نے تحریری حکمنامہ جاری کردیا
اس فیصلے کے بعد قومی اسمبلی کی پنجاب سے خواتین کی 11 مخصوص نشستیں جبکہ خیبرپختونخوا سے خواتین کی 8 اور اقلیت کی 3 مخصوص نشستیں بحال ہوئی ہیں۔
اس طرح قومی اسمبلی میں ن لیگ کو 14، پیپلزپارٹی کو 5 اور جے یو آئی ف کو 3 مخصوص نشستیں ملیں گی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین کی 21 اور اقلیت کی 4 مخصوص نشستیں بحال ہوئی ہیں جس کے بعد اب خیبر پختونخوا اسمبلی میں جے یوآئی ف کو 10، ن لیگ اور پی پی پی کو 7، 7 جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کو ایک مخصوص نشست ملےگی۔
یہ بھی پڑھیے: سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پنجاب اسمبلی میں کس کو کتنی مخصوص نشستیں ملیں گی؟
پنجاب اسمبلی میں خواتین کی 24 جبکہ اقلیت کی 3 نشستیں بحال ہوئی ہیں جن میں سے ن لیگ کو 23، پیپلزپارٹی کو 2 جبکہ پاکستان مسلم لیگ اور آئی پی پی کو ایک ایک سیٹ ملے گی۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سندھ اسمبلی میں خواتین کی 2 اور اقلیت کی ایک سیٹ بحال ہوئی ہے جس میں سے پیپلزپارٹی کو 2 اور ایم کیوایم کو ایک مخصوص نشست ملے گی۔