پنجاب ایجوکیشن کریکولم ٹریننگ اور اسیسمنٹ اتھارٹی کی سنگین غفلت سامنے آگئی ہے، جہاں فرسٹ ایئر کی کیمسٹری کی درسی کتاب میں لاہور کے تاریخی شاہی قلعہ کی جگہ دہلی کے لال قلعہ کی تصویر شائع کردی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ غلطی ماحولیات کے باب میں اسموگ سے متعلق مضمون میں کی گئی، جہاں تصویر میں دہلی کا لال قلعہ دکھایا گیا ہے، مگر کیپشن میں ’قلعہ لاہور‘ درج ہے، جو کہ طلبہ کو تاریخی اور جغرافیائی لحاظ سے گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔
اس افسوسناک کوتاہی پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
تعلیمی ماہرین نے بھی اس غلطی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نصابی کتب کی تیاری میں اعلیٰ معیار اور تاریخی حقائق کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ طلبہ کو درست معلومات فراہم کی جا سکیں۔