حکومت بننے پر عمران خان کس کو پنجاب کا وزیراعلیٰ بنائیں گے؟ پرویز الٰہی نے بتا دیا

ہفتہ 6 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان نے مجھ سے وعدہ کیا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت بننے کی صورت میں وہ مجھے وزیراعلیٰ بنائیں گے۔

اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ہمارا ان کے لیے احترام ہے مگر کچھ گھس بیٹھیے بھی ہیں جن کے ساتھ ہماری نہیں بنتی۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ جو لوگ عمران خان کے پیچھے لگے ہوئے ہیں میرے گھر پر ہونے والے حملے کے پیچھے بھی وہی ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مجھ پر دباؤ ڈالا گیا کہ میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار نہ کروں۔ جو کچھ آج ہو رہا ہے ایسا تو ضیا الحق اور پرویز مشرف کے دور میں بھی نہیں ہوا۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ اب تو اسمبلیاں ٹوٹ گئی ہیں مگر عمران خان تسلیم کرتے ہیں کہ میں نے اُن کو درست مشورے دیے تھے۔

سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ اور عمران خان جب بھی اکٹھے بیٹھیں گے تو ان کے اختلافات ختم ہو جائیں گے۔

پوری قوم چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کو مضبوط دیکھنا چاہتی ہے: پرویز الٰہی

دریں اثنا چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کے لیے نکلنے والے پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان اور ہمارے سمیت پوری قوم چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کو مضبوط دیکھنا چاہتی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عدلیہ کے خلاف سازشیں کرنے والے کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ آج پوری قوم کو اکٹھا کرنے کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر ایشو پر اپنی آواز بلند کی ہے۔ آج پاکستان کے ہر کونے سے عمران خان کی کال پر عوام نکلی ہے۔ قائداعظم نے پاکستان بنایا تھا اور آج عمران خان نے پاکستان اور عدلیہ کو بچانے کی خاطر قوم کو پھر سے اکٹھا کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب پی ڈی ایم ماضی کا قصہ ہے۔ مستقبل تحریک انصاف کا ہی ہو گا۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ میرے گھر پر حملہ محسن نقوی اور ایک مرزائی نے کرایا۔ نگران وزیراعلیٰ کو کہتا ہوں کہ وہ جو حرکتیں کر رہا ہے یہ بند کرے۔ محسن نقوی بنو جام صادق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے گھر پر حملے کی مثال پورے پاکستان میں نہیں ملتی۔ کچے کے علاقے میں جو آپریشن ہو رہا تھا وہاں سے بکتر بند گاڑی منگوا کر میرے گھر پر حملہ کیا گیا۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ جس مرزائی نے میرے گھر پر حملہ کیا اس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوئی۔ پولیس والے ہمارے گھریلو ملازمین پکڑ کر لے گئے اور ان کے موبائل فون تک چھین لیے گئے۔

اس موقع پر سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ آج پاکستانی قوم اپنے قائد عمران خان کی کال پر باہر نکلی ہے۔ عمران خان اور پرویزالٰہی کی قیادت میں ہم سب چٹان کی طرح مضبوط ہیں۔ آئین اور عدلیہ کی پاسداری کے لیے اپنی جان تک قربان کر دیں گے۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ پرویزالٰہی کے گھر پر حملہ کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ یہاں پر گھروں کے اندر زبردستی گھس کر جو ظلم کیا گیا پہلے کسی سیاسی قائد کے ساتھ ایسا نہیں ہوا۔

اس موقع پر موسیٰ الٰہی، چوہدری گلزار محمد کے علاوہ وکلا رہنما جہانگیر اے جھوجہ، سرمد غنی چٹھہ، ارشد جھوجہ اور مظہر بابر چدھڑ بھی موجود تھے۔

چیف جسٹس کو گھر بھیجنے کی دھمکیاں دینے والے اس بار خود گھر جائیں گے

قبل ازیں پرویز الٰہی سے سابق صوبائی وزرا میاں محمود الرشید، چوہدری محمد اکرم، عامر سلطان چیمہ، چوہدری گلزار، چوہدری مقصود سلہریا، لیاقت بھدر، منظور وڑائچ ایڈووکیٹ اور دیگر نے ملاقات کی۔

اس موقع پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی کہانی ختم ہو چکی اب سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد ہو گا۔ چیف جسٹس کو گھر بھیجنے کی دھمکیاں دینے والے اس بار خود گھر جائیں گے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پوری قوم چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے ساتھ کھڑی ہے، وہ قوم کے ہیرو بن چکے ہیں۔ چیف جسٹس نے آئین پاکستان اور اپنے حلف کی پاسداری کا حق ادا کر دیا ہے۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کے آئین کی بالادستی پر مبنی فیصلے کی گونج امریکی کانگریس میں بھی سنائی دے رہی ہے۔ بریڈ شرمین سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر حیرت اور تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پی ڈی ایم میں اپنی ویٹو پاور سے مذاکرات کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔ نوازشریف پاکستان میں الیکشن نہیں بلکہ انارکی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ شہبازشریف اور محسن نقوی کی مفت آٹا اسکیم لوٹ مار کا منصوبہ ہے۔ جو میں نے کہا تھا شاہد خاقان عباسی نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ مفت آٹا اسکیم میں 20 ارب سے کہیں زیادہ کی کرپشن ہوئی ہے۔ شہبازشریف اور محسن نقوی مفت آٹا اسکیم میں کرپشن کی انکوائری کبھی نہیں کرائیں گے یہ ہم کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اور محسن نقوی سے قوم کی پائی پائی وصول کی جائے گی۔ عمران خان اور میرے گھر پر حملے کرانے والوں کو پنجاب کے عوام الیکشن میں اس کا جواب دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی محسن نقوی کے ساتھ الیکشن کے بعد عوام جو کرے گی یہ تماشا پوری دنیا دیکھے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp