بیرسٹر عابد زبیری سپریم کورٹ بار کے صدر کی حیثیت سے بحال

ہفتہ 6 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ ہائیکورٹ نے بیرسٹر عابد زبیری کو سپریم کورٹ بار کے صدر کی حیثیت سے بحال کردیا ہے۔

بیرسٹر عابد زبیری کے خلاف سپریم کورٹ بار کی ایگزیکٹو کمیٹی کے 10 ارکان نے 4 مئی کو قرارداد منظور کرتے ہوئے منتخب صدر بیرسٹرعابد زبیری کو معطل کرکے نیا صدر مقرر کیا تھا۔

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ندیم اختر نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے عابد زبیری کو بحال کر دیا ہے اور متعلقہ فریقین کو 18 مئی کے لیے نوٹس بھی جاری کردیے ہیں۔

دوسری جانب صدر لاہور ہائیکورٹ باراشتیاق اے خان نے ایک پریس ریلیز کے ذریعے کہا ہے کہ سپریم کورٹ بار وکلاء کی نمائندہ تنظیم اور صدرعابد زبیری وکلاء کی آواز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عابد زبیری آزاد عدلیہ، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کےساتھ کھڑے ہیں، پاکستان بار کونسل صدر سپریم کورٹ بار اور ان کی ٹیم کو نشانہ بنارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سارے عمل کے پیچھے غیر جمہوری طاقتیں ہیں جو ملک میں آزاد عدلیہ کے مخالف ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عابد زبیری اور ان کی ٹیم کو بلیک میل کرنے اور دباو میں لانے کے لیے  پاکستان بارکونسل نشانہ بنا رہی ہے، اس طرح کے کسی بھی عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp