دنیا کا سب سے بڑا ممالیہ جانور ‘بلوچی تھیریم’، جس کا مسکن بلوچستان تھا

اتوار 29 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچی تھیریم، جسے پریکیراتھیریَم بھی کہا جاتا ہے، زمین پر پائے جانے والے سب سے بڑے جنگلی جانوروں میں سے ایک تھا۔

سائنسدانوں کو اس دیوہیکل جانور کے سب سے اولین آثار بلوچستان کے ڈیرہ بگٹی میں 19ویں صدی کے اوائل میں ملے جس کی وجہ سے اس کا نام ‘بالوچی تھیریم’ رکھا گیا۔

تاہم اس کا مکمل ڈھانچہ 1999 میں فرانسیسی ماہرین کی ایک ٹیم کو ڈیرہ بگٹی میں ہی سالوں کی تحقیق کے بعد جمع کیا۔ یہ تحقیق علاقے کے سردار اور بلوچ رہنما نواب اکبر بگٹی کی معاونت سے کی گئی تھی تاہم انہوں نے اس ڈھانچے کو ملک سے باہر لے جانے کی اجازت نہیں دی اور وہ ان کی ذاتی ملکیت میں رہا۔

یہ بھی پڑھیے: قدرتی ماحول کے رکھوالے: گِدھوں کی نسل بچانے کے لیے منفرد منصوبہ

یہ عظیم الجثہ جانور تقریباً 17 سے 23 ملین سال پہلے زمین پر رہتا تھا۔ اس کی اونچائی 5 میٹر (16 فٹ) اور وزن تقریباً 20 ٹن تک تھا، جس کی وجہ سے یہ زمین پر اب تک پیدا ہونے والے سب سے بڑا ممالیہ سمجھا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ پریکیراتھیریم کے آثار بلوچستان کے علاوہ منگولیا، قازقستان اور چین جیسے علاقوں میں بھی دریافت ہوئے ہیں۔ یہ گینڈے کے خاندان کا ایک جانور تھا تاہم اس کی جسامت گینڈے سے کئی گنا بڑی تھی اور گینڈے کے برعکس اس کے سینگ بھی نہیں تھے۔

Baluchitherium Palaentologists PARACERATHERIUM
فرانسیسی ماہرین ڈیرہ بگٹی بلوچستان میں ‘بلوچی تھیریم’ کی ہڈیوں کا معائنہ کررہے ہیں

اس کی لمبی گردن اور ٹانگیں اسے لمبے درختوں اور جھاڑیوں سے خوراک حاصل کرنے میں مدد دیتی تھیں۔ ‘بلوچی تھیریم’ روزانہ 2 ٹن کے قریب چارہ کھاتا تھا جس کا مطلب ہے کہ آج کا بلوچستان اس وقت سرسبز علاقہ تھا جو بعد میں موسمیاتی اور جغرافیائی تبدیلیوں کی وجہ سے نسبتاً خشک ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیے: یوریشن اوٹرز (اود بلا) کشمیر سے معدوم ہونے کے بعد دوبارہ کیسے نمودار ہوئے؟

بلوچیتھیریم کا بڑا قد، شکاریوں سے حفاظت اور اونچے پودوں تک رسائی کے فوائد فراہم کرتا تھا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس کی معدومیت موسمیاتی تبدیلیوں اور رہائش کے حالات میں بدلاؤ کی وجہ سے ہوئی جن سے اس کے خوراک کے ذرائع کم ہو گئے۔

اس جانور کا ایک ماڈل اسلام آباد کے شکرپڑیاں میں موجود نیچرل ہسٹری میوزیم میں رکھا گیا ہے جوسیاحوں کو پاکستان کے قدیم ترین اور حیران کن قدرتی ورثے کی یاد دلاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp