اسرائیلی فوج کے مطابق شمالی غزہ کے علاقے کفرد جبیلیہ میں آپریشن کے دوران 20 سالہ فوجی سارجنٹ یسرائیل ناتان روزن فیلڈ دھماکے میں ہلاک ہو گیا۔ وہ رواں ماہ غزہ میں ہلاک ہونے والا 20واں اسرائیلی فوجی ہے۔
رفح میں غزہ ہیومینیٹرین فاؤنڈیشن کے امدادی مرکز کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم 5 افراد شہید ہوئے، جبکہ غزہ کی شہری دفاعی ایجنسی کے مطابق مجموعی طور پر 17 فلسطینی، اسرائیلی بمباری اور فائرنگ میں شہید ہوئے، جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔
ادھر اسرائیل نے شمالی غزہ کے متعدد علاقوں سے فلسطینیوں کو انخلا کا حکم دیا ہے، جبکہ وزیراعظم نیتن یاہو نے جنگ اور ممکنہ یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے پر غور کے لیے اعلیٰ سطح اجلاس طلب کیا ہے۔
مزید پڑھیں: غزہ میں حماس نے 4 اسرائیلی فوجی ہلاک کردیے
حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کا دعویٰ ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک 53 ہزار سے زائد افراد شہید یا لاپتا ہو چکے ہیں۔ اسرائیل کے مطابق اب تک 20 ہزار سے زائد حماس جنگجو شہید کیے جا چکے ہیں۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں معاہدہ کرے، جبکہ اسرائیلی عدالت نے نیتن یاہو کے خلاف مقدمے کی سماعت قومی سلامتی کے خدشات کے پیش نظر 2 ہفتوں کے لیے مؤخر کر دی ہے۔