صدر مملکت آصف زرداری نے آئندہ مالی سال کے فنانس بل کی منظوری دے دی

پیر 30 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مالی سال 26-2025 کے لیے پیش کیے گئے فنانس بل کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس کے ساتھ ہی نئے مالی سال کے بجٹ کی توثیق کا آئینی عمل مکمل ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں ’یہ غریب مکاؤ بجٹ ہے‘، خیبر پختونخوا حکومت وفاقی بجٹ سے غیر مطمئن کیوں؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر نے فنانس بل کی سمری پر دستخط کرتے ہوئے پارلیمانی عمل کی توثیق کی، جس کے بعد بجٹ میں شامل تمام ٹیکس اقدامات اور مالیاتی پالیسیوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو جائےگا۔

ایوانِ صدر کے مطابق آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت فنانس بل 26-2025 پر دستخط کیے، جس کے ذریعے وفاقی حکومت کے مجوزہ مالیاتی اقدامات کو قانونی حیثیت حاصل ہوگئی ہے۔ اس عمل کے ساتھ ہی آئندہ مالی سال کے بجٹ کی قانونی منظوری کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔

فنانس بل کی منظوری کے بعد اب بجٹ میں تجویز کردہ ٹیکس، کسٹمز، ایکسائز ڈیوٹی، سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس سے متعلق تمام اصلاحات اور اقدامات نافذ ہو جائیں گے۔ نئے بجٹ کے تحت مختلف اشیا و خدمات پر نئے ٹیکس ریٹ، سبسڈی میں کمی یا اضافے اور دیگر مالیاتی اہداف نافذ العمل ہوں گے، جن کا براہِ راست اثر قومی معیشت اور عوامی سطح پر محسوس کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے چند روز قبل فنانس بل 26-2025 کو اکثریتی ووٹوں سے منظور کیا تھا، جس کے بعد اسے آئینی طریقہ کار کے مطابق صدر مملکت کو ارسال کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں وفاقی بجٹ میں بلوچستان کا بڑا حصہ، صوبے کے عوام کی احساس محرومی دور ہوسکے گی؟

صدر کی منظوری کے ساتھ ہی اب وفاقی حکومت کو مالی سال 26-2025 کے لیے مقرر کردہ آمدنی اور اخراجات پر عمل درآمد کا اختیار حاصل ہوگیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp