ملک میں جاری بارش کے سلسلے سے ڈیموں میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوگیا ہے، اسلام آباد میں راول ڈیم اور سملی ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے جس کے باعث واسا نے الرٹ جاری کردیا ہے، جبکہ تربیلا ڈیم میں بھی پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے۔
محکمہ موسمیات اورایم ڈی واسا کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شپ اسلام آباد کے سیکٹر ایچ-8 میں سب سے زیادہ 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ شمس آباد میں 59 ملی میٹربارش ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: خانپور ڈیم میں پانی ڈیڈ لیول کے قریب پہنچ گیا، راولپنڈی اور اسلام آباد کو سنگین بحران کا سامنا
تیز بارشوں کے باعث راول ڈیم اور سملی ڈیم میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوا ہے، راول ڈیم میں پانی کی مکمل گنجائش 1752 فٹ ہے جبکہ موجودہ سطح 1735.5 فٹ تک پہنچ چکی ہے، دوسری جانب سملی ڈیم کی گنجائش 2315 فٹ ہے اور پانی کی سطح اس وقت 2247.55 فٹ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پرپانی کی سطح ساڑھے 12 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 6.5 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، حکام نے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول سے 96 فٹ بلند
ترجمان تربیلا ڈیم کے مطابق پانی کی سطح ڈیڈ لیول سے 96 فٹ بلند ہوکر 1498.65 فٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ پانی کی آمد 2 لاکھ 93 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اگلے 4 سے5 روز میں منگلا، تربیلا ڈیمز میں پانی مکمل ختم ہونے کا خدشہ
تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج اس وقت 1 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہے، جوآبپاشی اورتوانائی کی ضروریات کے مطابق جاری رکھا جارہا ہے، ڈیم کے تمام 17 پیداواری یونٹ فعال ہیں اوران سے مجموعی طورپر2613 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے،جو نیشنل گرڈ کو فراہم کی جارہی ہے۔
حکام کے مطابق پانی کی موجودہ صورتحال تسلی بخش ہے اور بجلی کی پیداوار میں مزید اضافے کا امکان ہے۔