بھارتی ریاست منی پور میں ہندو ، عیسائی تصادم: 54 افراد ہلاک

اتوار 7 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کی ریاست منی پور میں اکثریتی ہندو گروپ میتی اور عیسائی گروپ کوکی کے درمیان میتی گروپ کو قبائلی حیثیت دینے کے اقدام پر جھڑپوں کے بعد کشیدگی برقرار ہے۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق تشدد میں 54 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

آل ٹرائبل اسٹوڈنٹس یونین آف منی پور کے زیر اہتمام قبائلی یکجہتی مارچ کے شرکا نے گاڑیوں، مکانات، اسکولوں، گرجا گھروں اور تجارتی املاک کو نذر آتش کر دیا تھا تاکہ میتی کمیونٹی کے قبائل کی فہرست میں شمولیت کے مطالبے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا جا سکے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق کُل 23 ہزار افراد کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ 3 مئی کو منی پور کے بشنو پور اور چوراچند پور اضلاع میں پرتشدد واقعات کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس کے نتیجے میں گھروں، مندروں اور گرجا گھروں کو تباہ کر دیا گیا اور تشدد کا یہ سلسلہ آئندہ چند دنوں کے دوران تیزی سے دوسرے اضلاع تک پھیل گیا ہے۔

منی پور 34 تسلیم شدہ درج قبائل پر مشتمل ہے، جو بڑے پیمانے پر ناگا اور کوکیچن یا کوکی قبائلی گروہوں کے تحت آتے ہیں۔ قبائلیوں کی طرف سے آباد پہاڑیاں منی پور کے کل رقبے کا قریباً 90 فیصد بنتی ہیں جبکہ وادی امپال میں بنیادی طور پر میتی کمیونٹی رہتی ہے اور یہ وادی ریاست کے باقی 10 فیصد رقبے پر مشتمل ہے۔ قبائلی زیادہ تر عیسائی ہیں جبکہ میتیوں کی اکثریت ہندو ہے۔

2023 میں ریاست کی 36 لاکھ 49 ہزار آبادی ہے جن میں سے قریباً 53 فیصد میتی قبائل کے باشندے ہیں، ان میں سے 70 فیصد امپال وادی میں آباد ہیں اور باقی 30 فیصد قبائلی علاقوں میں رہتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp