وزیراعظم شہبازشریف نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کا ہدف دوگنا کردیا

جمعہ 4 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے ایک جراتمندانہ اقدام اٹھاتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے قومی اہداف دوگنا کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں۔

ڈیجیٹل اور کیش لیس یعنی نقد سے عاری معیشت سے متعلق ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل لین دین کو عام اور آسان بنانا شفاف معیشت کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرے گا، انہوں نے شہریوں اور کاروباری اداروں دونوں کے لیے ادائیگی کے نظام کو سہل بنانے اور عوامی آگاہی بڑھانے پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگی کے لیے ’گوگل والٹ‘ کا اجرا

وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں نقد رقم سے بھی زیادہ آسان ہونی چاہییں، اس وقت ملک میں ڈیجیٹل لین دین کا حجم 7.5 ارب روپے ہے، جسے بڑھا کر 12 ارب روپے تک لے جانے کی منصوبہ بندی ہے، تاہم وزیراعظم نے اس ہدف کو بھی دوگنا کرنے کا حکم دیا۔

https://Twitter.com/search?q=Shahbaz%20Sharif%20cashless%20economy%20&src=typed_query

اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے موبائل ایپ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 9 کروڑ 50 لاکھ سے بڑھا کر 12 کروڑ تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ کیوآر کوڈ کے ذریعے ادائیگی قبول کرنے والے تاجروں کی تعداد 9 لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ کی جائے گی۔

اجلاس میں ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے ڈیجیٹل پیمنٹس انوویشن اینڈ ایڈاپشن، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر اور گورنمنٹ پیمنٹس کمیٹیوں کے قیام کی توثیق بھی کی گئی، بعدازاں ان کمیٹیوں نے معیشت کی تیز رفتار ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے جامع حکمت عملیاں پیش کیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ تاجر برادری کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو آسان بنانے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے، جس کے تحت چھوٹے کاروباری اداروں کو راغب کرنے کے لیے صارف دوست پیکج متعارف کروایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ اضافہ: وجہ کیا ہے اور پاکستانی معیشت کو کیا فائدہ ہوگا؟

’ڈیجیٹل نیشنل پاکستان‘ اقدام کے تحت ڈیجیٹل اکانومی پراجیکٹ کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے، جو ملک میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کی بنیاد رکھنے کی کوشش ہے، اسلام آباد سٹی ایپ کو اب تک 13 لاکھ بار ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے، جس کے ذریعے وفاقی دارالحکومت کے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو 15.5 ارب روپے کی آمدنی حاصل ہو چکی ہے۔

اس کے علاوہ ڈیجیٹل پاکستان آئی ڈی پراجیکٹ اور ای-اسٹیمپنگ سروسز پر بھی کام جاری ہے، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسپتالوں، اسکولوں، سرکاری دفاتر، پارکوں اور میٹرو بس روٹس پر مفت وائی فائی کی سہولت کو آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان تک وسعت دی جائے۔

اجلاس میں وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال کیانی اور وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ سمیت وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp