نسیم شاہ اور وسیم جونیئر کی فٹنس میں بہتری، بنگلہ دیش سیریز میں شرکت کے امکانات روشن، عاقب جاوید

ہفتہ 5 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے قومی فاسٹ باؤلرز نسیم شاہ اور محمد وسیم جونیئر کی فٹنس کے حوالے سے اہم اپڈیٹ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ دونوں باؤلرز نیٹ میں دوبارہ باؤلنگ کا آغاز کرچکے ہیں اور ان کی صحتیابی کا عمل حوصلہ افزا ہے۔

عاقب جاوید نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پی سی بی کے اسکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کے تیسرے مرحلے کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ کو پہلے انجری مسائل کا سامنا تھا لیکن اب وہ روزانہ آ رہے ہیں، باؤلنگ کر رہے ہیں اور ان کی فٹنس میں واضح بہتری آ رہی ہے۔ وسیم جونیئر بھی انجری کے بعد اب دوبارہ باؤلنگ کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ دونوں نوجوان فاسٹ باؤلرز کی فٹنس پر تشویش کے باعث ان کی سیریز میں شرکت مشکوک تھی، تاہم تازہ پیشرفت کے بعد امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ ٹیم سلیکشن سے قبل مکمل فٹ ہو جائیں گے۔

  مزید پڑھیں: بھارتی کرکٹ ٹیم کا دورۂ بنگلہ دیش غیر معینہ مدت تک ملتوی، دونوں بورڈز کی خاموشی برقرار

شاداب خان بدستور باہر

ادھر ٹی20 ٹیم کے نائب کپتان اور لیگ اسپنر شاداب خان تاحال کندھے کی مستقل تکلیف کا شکار ہیں اور جلد سرجری کرانے کا امکان ہے، جس کے باعث وہ آئندہ سیریز سے باہر رہیں گے۔ ان کی غیر موجودگی میں وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو نائب کپتانی کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔

پاکستانی ٹیم 16 جولائی کو ڈھاکہ پہنچے گی، جہاں تین میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ یہ سیریز نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو آزمانے کا موقع ہو گی بلکہ آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کا ٹی20 شیڈول:

مقام: شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، ڈھاکا
20 جولائی: پہلا ٹی20 – شام 5 بجے
22 جولائی: دوسرا ٹی20 – شام 5 بجے
24 جولائی: تیسرا ٹی20 – شام 5 بجے

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp