افغان وزیر خارجہ کی بلاول بھٹو اور آرمی چیف سے ملاقاتیں

اتوار 7 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے افغان وزیر خارجہ نے ملاقات کی ہے اس کے علاوہ وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی ہے جس میں پاکستان افغانستان تعلقات سمیت خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی کی قیادت میں افغان وفد کا دفتر خارجہ آمد پر استقبال کیا۔

وزرائے خارجہ کی سربراہی میں وفودکی سطح پر مذاکرات ہوئے، پاکستان کی جانب سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے قیادت کی اور افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کی سربراہی میں افغان وفد مذاکرات میں شریک ہوا۔

افغان وزیر خارجہ کی آرمی چیف سے ملاقات

دریں اثنا آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بھی افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے ملاقات کی ہے جس میں علاقائی سلامتی، بارڈر مینجمنٹ اور موجودہ سیکیورٹی ماحول میں بہتری کے لیے دوطرفہ سیکیورٹی میکانزم کو باقاعدہ بنانے کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے افغانستان کے عوام کے لیے پاکستان کی روایتی حمایت کو سراہا اور اس اہم کردار کی تعریف کی جو پاکستان افغانستان میں امن اور ترقی میں سہولت کاری کے لیے ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے علاقائی استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مشترکہ تشویش کے مسائل کو حل کرنے کے لیے باقاعدہ رابطوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مشترکہ چیلنجوں سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیاہے۔

آرمی چیف نے ایک مستحکم، پرامن اور خوشحال افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp