بھارت کے جنوبی بنگال کے علاقے سداگونٹے پالیا میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 42 سالہ انجینئر بھاسکر کی اس کی اہلیہ شروتی کے ہاتھوں ڈنڈوں سے پٹائی کے بعد موت ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: وی لاگر ’ڈکی بھائی‘ کی بیگم کے ہاتھوں پٹائی والی ویڈیو کڑی تنقید کی زد میں
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ چند روز قبل اس وقت پیش آیا جب بھاسکر، جو گزشتہ 2 ماہ سے اپنی گھریلو ملازمہ محبوبہ کے ساتھ رہ رہا تھا، 27 جون کی رات شدید نشے کی حالت میں گاڑی کے کاغذات لینے اپنے گھر آیا۔
شروتی نے پولیس کو بتایا کہ اس نے شوہر کو نشے کی حالت میں گاڑی چلانے سے منع کیا، جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور بات مارپیٹ تک جا پہنچی، بھاسکر نے اہلیہ پر تشدد کیا اور اپنی بیٹیوں کو گھر سے نکالنے کی کوشش کی۔ شروتی نے اپنے دفاع میں ڈنڈے سے شوہر پر وار کیے اور اسے شدید زخمی کردیا۔ اس کے بعد اس نے بھاسکر کو سونے کے لیے لیٹنے میں مدد کی، لیکن اگلی صبح جب بیٹیوں نے والد کو جگانے کی کوشش کی تو وہ بےحس پڑا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: گندم کی تقسیم کے معاملے پر جھگڑا، بیوی کے بہیمانہ تشدد سے شوہر جاں بحق
شروتی نے دعویٰ کیا کہ بھاسکر باتھ روم میں پھسل کر گر گیا تھا، مگر پولیس نے اس دعوے کو مسترد کردیا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے تصدیق ہوئی کہ بھاسکر کی موت شدید صدمے کی وجہ سے ہوئی۔ پولیس نے شروتی کے خلاف تفتیش شروع کردی ہے۔