خیبرپختونخوا حکومت نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں ’احساس اپنا گھر اسکیم‘ پر باضابطہ عملدرآمد کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت کم آمدنی والے افراد کو بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے اسکیم کے تحت منتخب درخواست دہندگان کو بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم کیے۔
یہ بھی پڑھیں: بے گھر افراد کے لیے پنجاب میں ہر روز مزید 300 گھر بننے لگے، ‘اپنی زمین اپنا گھر’ اسکیم کا اجرا
اس اسکیم کے لیے حکومت نے 4 ارب روپے مختص کیے ہیں، اور قرضے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے شفاف انداز میں فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اسکیم کے تحت وہ افراد جن کی عمر 18 سے 65 سال کے درمیان اور ماہانہ آمدنی ڈیڑھ لاکھ روپے سے کم ہے، قرض کے اہل ہیں۔ اہل درخواست دہندگان کو 15 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جا رہے ہیں، جنہیں 7 سال کی مدت میں آسان اقساط میں واپس کرنا ہوگا۔
اس کے علاوہ ریوالونگ فنڈ سسٹم کے ذریعے آنے والے سالوں میں بھی قرضوں کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔
اسکیم کے پہلے مرحلے میں حکومت کو ایک لاکھ 23 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 18 ہزار 555 درخواست دہندگان اسکیم کے تمام معیار پر پورا اترے۔ قرضوں کی تقسیم تمام اضلاع میں آبادی کے تناسب سے کی جا رہی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ’احساس اپنا گھر اسکیم‘ کو صوبائی حکومت کا فلیگ شپ اور غریب دوست منصوبہ قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ کم آمدنی والے لوگوں کو چھت فراہم کرنے کے لیے عمران خان کے وژن کا حصہ ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کی مسلسل محنت کے باعث صوبہ معاشی طور پر اپنے پیروں پر کھڑا ہو چکا ہے، اور اب ہم اپنے وسائل میں اضافہ کر کے انہیں عوام پر خرچ کریں گے۔ ہر شعبے میں عوام کو سہولیات فراہم کریں گے اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جلد مستحق گھرانوں کو سولر سسٹمز کی فراہمی کا منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ’احساس اپنا گھر‘ اور ’سولر اسکیم‘ میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اپنا گھر لینے والوں کے لیے خوشخبری، حکومت نے نئی اسکیم لانے کا فیصلہ کرلیا
انہوں نے کہاکہ سفارشی کلچر عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد میں رکاوٹ ہے، اور ہم اس کلچر کا خاتمہ کرکے عوام کا اعتماد بحال کریں گے۔ حکومت صوبے کے عوام کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد منصوبوں پر کام کررہی ہے۔














