IAEA کی یورپ کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ کے حوالے سے وارننگ

اتوار 7 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے یورپ کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ پر وارننگ جاری کر دی ہے۔

آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے خبردار کیا ہے کہ روس کے زاپوروزے نیوکلیئر پاور پلانٹ (جو کہ یوکرین اور روس فرنٹ لائن پر ہے) کے ارد گرد کی صورتحال مزید خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یوکرین روس پر جوابی کارروائی شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

آئی اے ای اے نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ زاپوروزے کے قریب علاقوں میں صورتحال تیزی سے غیر متوقع اور ممکنہ طور پر خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔

پلانٹ کے ڈائریکٹر یوری چرنیچک نے کہا ہے کہ تمام ری ایکٹر بند کر دیے گئے ہیں اور اہلکار پلانٹ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

اینرگودر کے میئر ایڈورڈ سینووز نے کہا ہے کہ نقل مکانی منصوبہ بندی کے مطابق ہو رہی ہے اور شہر میں کوئی گھبراہٹ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ فروری 2022 میں یوکرین میں ماسکو کے فوجی آپریشن کے نتیجے میں زاپوروزے روس کے کنٹرول میں آیا اور ستمبر میں ریفرنڈم کے بعد علاقہ روس کا حصہ بن گیا تھا۔

روس اور یوکرین نے ایک دوسرے کے پلانٹ پر گولہ باری کا الزام عائد کیا ہے اور ان خدشات کا اظہار کیا ہے کہ ان اقدامات سے جوہری تباہی ہو سکتی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ یوکرائنی فوجیوں نے زاپوروزے پر دوبارہ قبضہ کرنے کی ناکام کوشش کی تھی تاہم  یوکرین کی جانب سے اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی۔

روس کے نیوکلیئر پاور پلانٹس کے آپریٹر روزنرگواٹم کے ایک اعلیٰ مشیر کا کہنا ہے کہ اکیلا یوکرین اس طرح کی دہشت گردانہ سازشوں کا اہل نہیں بلکہ اس میں مغرب بھی شامل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp