آخری ون ڈے میں پاکستان کو 47 رنز سے شکست: نمبر ون ٹیم ہونے کا اعزاز کھو دیا

اتوار 7 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور نیوزی کے درمیان کھیلی گئی 5  ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دے دی ہے۔

کیویز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.3 اوورز میں 299 رنز اسکور کیے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تھے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان 46.1 اوورز میں 252 رنز ہی بنا سکی اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

گرین شرٹس کی جانب سے محمد افتخار نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 72 گیندوں پر 94 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی مگر ٹیم کو جیت نہ دلا سکے۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر  فخر زمان نے 33 اور سلمان آغا نے 57 رنز اسکور کیے۔

کپتان بابر اعظم 1، محمد رضوان 9، شان مسعود 7، شاداب خان 14 جب کہ اسامہ میر 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کیوی گیند باز راچین راوندرا اور ہنری شپلے نے3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ایڈم ملنے، میٹ ہنری اور ایش سودھی 1،1 کھلاڑی کو پولین بھیجنے میں کامیاب ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ول ینگ نے 87، کپتان ٹام لیتھم نے 59 جبکہ مارک چیپ مین نے 43 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، اسامہ میر اور شاداب خان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

حارث رؤف اور محمد وسیم بھی 1،1 وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلی گئی 5 ون ڈے میچز کی سیریز پاکستان نے 1-4 سے جیت لی البتہ آخری ون ڈے میں شکست کے بعد پاکستان اب ون ڈے رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

پاکستان نے 2 روز قبل کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی تاہم آخری میچ میں شکست کے بعد واپس تیسری پوزیشن پر آگیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے ہنری شپلے کو 3 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ پاکستان کے اوپنر فخر زمان کو 363 رنز اسکور کرنے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے آخری میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام

پاکستانی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، شان مسعود، فخر زمان، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان، افتخار احمد، آغا سلمان، شاداب خان، محمد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور اسامہ میر شامل ہیں۔

کیویز کا اسکواڈ کپتان ٹام لیتھم، ول ینگ، ٹام بلنڈیل، ہینری نکلز، مارک چیپ مین، کول میکونچی، راچین راوندرا، ایڈم ملنے، میٹ ہنری، ایش سودھی، ہنری شپلے شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp