سیاسی اختلافات ایک طرف: وزیراعلیٰ کے پی، گورنر اور امیر مقام کی قہقہوں بھری ملاقات

منگل 8 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر خیبرپختونخوا اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے درمیان گورنر ہاؤس پشاور میں خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کو ملاقات کا یہ موقع چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی حلف برداری کی تقریب کے دوران ملا۔

تقریب کے بعد ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر امیر مقام بھی شامل ہو گئے۔ ملاقات کے دوران ماحول خوشگوار رہا، اور تینوں رہنماؤں کے درمیان مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب گورنر کی سربراہی میں خیبرپختونخوا میں اپوزیشن جماعتیں موجودہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کی کوششیں کررہی ہیں۔

ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال پر ہلکے پھلکے انداز میں طنز و مزاح بھی کیا گیا۔ ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے والے گورنر اور وزیراعلیٰ نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی، جس پر امیر مقام نے دونوں کے خوشگوار موڈ پر ’ماشاءاللہ‘ کہا، اور تینوں رہنما ہنس پڑے۔

اس موقع پر امیر مقام نے کہاکہ آپ دونوں کو اچھے موڈ میں دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، جس پر گورنر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ میرے مہمان ہیں۔

گورنر ہاؤس میں موجود ایک ذریعے نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور جب پشاور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے گورنر ہاؤس پہنچے، تو اس دوران انہوں نے فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ حلف برداری کی تقریب میں کچھ وقت باقی تھا، اس دوران وزیراعلیٰ گورنر کے دفتر گئے جہاں ان سے ملاقات کی۔

گورنر ہاؤس کے ذرائع نے بتایا کہ گورنر اور وزیراعلیٰ کے درمیان 5 منٹ تک ون آن ون ملاقات رہی، جس میں وزیراعلیٰ کافی خوشگوار موڈ میں تھے۔ ملاقات کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے، جس میں دونوں سیاسی حریف خوشگوار موڈ میں دکھائی دیتے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں دونوں کے آبائی ضلع ڈی آئی خان سمیت جنوبی اضلاع میں امن و امان کی صورت حال پر بات ہوئی۔

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر امیر مقام جب ملاقات کے دوران وہاں پہنچ گئے تو علی امین گنڈاپور کا موڈ کچھ خراب ہوا اور وہ اس دوران حلف برداری کی تقریب کے لیے چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کو ہمیشہ میدان سے بھاگنے کی عادت ہے، گورنر فیصل کریم کنڈی کا وزیراعلیٰ کے انٹرویو پر ردعمل

وزیر اعلیٰ ہاؤس کے ایک افسر نے بتایا کہ ملاقات پہلے سے طے شدہ نہیں تھی اور اس میں کسی خاص معاملے پر بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ صرف چیف جسٹس کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے اور چند منٹ گورنر کے ساتھ بیٹھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp