کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ سے معروف اداکارہ حمیرا اصغر علی کی کئی روز پرانی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت سامنے آیا جب آج سہ پہر تقریباً سوا 3 بجے پولیس عدالتی حکم پر فلیٹ خالی کروانے پہنچی۔ فلیٹ کا دروازہ نہ کھلنے پر اسے توڑا گیا، تو اندر زمین پر خاتون کی لاش پڑی ہوئی ملی۔ پولیس نے فلیٹ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سینیئر اداکارہ عائشہ خان کی ایک ہفتہ پرانی نعش برآمد، شوبز انڈسٹری کا اظہار افسوس
حکام کے مطابق فلیٹ کے مالک نے کرایہ نہ ملنے پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے کیس دائر کیا تھا، اور آج عدالتی بیلف کے ہمراہ جب فلیٹ خالی کروانے کے لیے ٹیم پہنچی تو لاش برآمد ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ ہیروئن کاجول کی ساتھی اداکارہ نور ملابیکا داس کی فلیٹ سے لاش برآمدپولیس کے مطابق لاش 15 سے 20 دن پرانی معلوم ہوتی ہے، اداکارہ کی موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق اسپتال لائی جانے والی لاش مسخ شدہ حالت میں ہے، جس کے مختلف نمونے اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ موت کی حقیقی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے سامنے آئے گی۔
پڑوسی کیا کہتے ہیں؟
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حمیرا کے پڑوسی نے مالک مکان کے حوالے سے بتایا کہ اداکارہ کچھ عرصے سے کرائے کی ادائیگی میں تاخیر کررہی تھیں۔
واضح رہے کہ حمیرا کا فلیٹ ڈیفنس فیز 6 میں اتحاد کمرشل میں واقع ہے۔ وہ وہاں گزشتہ 7 برسوں سے اکیلی ہی رہ رہی تھیں۔ وہ سنہ 2018 میں لاہور سے کراچی منتقل ہوئی تھیں۔
حمیرا کے پڑوسی نے بتایا کہ اداکارہ کا بلڈنگ کے دیگر افراد سے زیادہ ملنا جلنا نہیں تھا اور ان کے پاس اپنی کوئی گاڑی بھی نہیں تھی۔
پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اداکارہ سنہ 2024 سے فلیٹ کا کرایہ نہیں دے رہی تھیں۔
واضح رہے کہ حمیرا اصغر علی نے اے آر وائی کے ریئلٹی شو ’تماشہ گھر‘ میں شرکت کی تھی اور 2015 میں فلم ’جلیبی‘ میں بھی کام کیا تھا۔