سعودی ولی عہد سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات، خطے میں امن و استحکام پر گفتگو

بدھ 9 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کے روز ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ان کے وفد سے قصر السلام، جدہ میں ملاقات کی۔

سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور خطے کی کشیدہ صورت حال میں بہتری لانے کی کوششوں کا حصہ تھی۔

 https://Twitter.com/Saudi_Gazette/status/1942683536890491250

ملاقات میں سعودی-ایرانی تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ولی عہد محمد بن سلمان نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ بندی معاہدہ خطے میں سلامتی اور استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا ایران اسرائیل جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب ہمیشہ سے سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کا حامی رہا ہے، اور مذاکرات کو کشیدگی کم کرنے کا مؤثر ذریعہ سمجھتا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف سعودی مؤقف کو سراہتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان کی خطے میں امن و استحکام کے لیے ذاتی کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں:او آئی سی اجلاس: سعودی عرب کا پھر آزاد فلسطینی ریاست کا مطالبہ، ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت

ملاقات میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور قومی سلامتی کے مشیر مساعد بن محمد العیبان سمیت اعلیٰ سعودی حکام بھی شریک تھے۔

اسی روز سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے مکہ مکرمہ میں ایرانی وزیر خارجہ کا استقبال بھی کیا، جہاں دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون اور سلامتی کی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp