پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے صدر آصف علی زرداری کے استعفیٰ سے متعلق گردش کرتی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے سروپا، گمراہ کن اور جمہوری ڈھانچے کو کمزور کرنے کی منظم سازش قرار دیا ہے۔
اپنے ردعمل میں شیری رحمان نے کہا کہ عوام ان جعلی خبروں، افواہوں اور منفی پراپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صدر زرداری نے ہر نازک وقت میں جمہوریت کا پرچم بلند رکھا اور وہ آج بھی جمہوری استحکام کی علامت اور آئینی اقدار کے سچے نگہبان ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹاٗئم میگزین نے شیری رحمان کو دنیا کی 100 بااثر ترین شخصیات میں شامل کرلیا
شیری رحمان نے صدر زرداری کے تاریخی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی مرضی اور سیاسی بصیرت سے تمام اختیارات پارلیمان کو منتقل کیے، جس سے پارلیمانی جمہوریت کی مضبوط بنیاد رکھی گئی۔ آج صدر زرداری اتحادی حکومت کے توازن اور استحکام کا سب سے اہم ستون ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر زرداری نے ہمیشہ ذاتی مفاد پر قومی مفاد کو ترجیح دی اور وہ آج بھی پارلیمانی نظام کے اصل محافظ اور آئینی تسلسل کے ضامن ہیں۔
شیری رحمان نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی موجودگی اس بات کی ضمانت ہے کہ آئین، پارلیمان اور جمہوری ادارے محفوظ رہیں گے۔














