لندن کے معروف نیلام گھر کرسٹی (Christie’s) میں اطالوی مصور کانیلیٹو کی 18ویں صدی کی مشہور پینٹنگ “Venice, the Return of the Bucintoro on Ascension Day”نے نیلامی کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ یہ شاہکار پینٹنگ 27.5 ملین پاؤنڈ (32.6 ملین یورو) میں فروخت ہوئی، جبکہ فیسز اور ٹیکسز سمیت اس کی مجموعی قیمت 31.9 ملین پاؤنڈ (37.8 ملین یورو) رہی جو پاکستانی روپوں میں قریباً 11 ارب 48 کروڑ روپے بنتی ہے۔
یہ پینٹنگ 1732 کے لگ بھگ تخلیق کی گئی تھی اور وینس کے عظیم الشان مناظر کو Ascension Day کے موقع پر دکھاتی ہے، جس میں مرکز میں ڈوج (Doge) کی طلائی بارج “Bucintoro” کو واضح طور پر نمایاں کیا گیا ہے۔
یہ فن پارہ کبھی برطانیہ کے پہلے وزیراعظم رابرٹ والپول کی ملکیت میں تھا اور اس کی قیمت کا اندازہ قریباً 20 ملین امریکی ڈالر لگایا گیا تھا، تاہم یہ اندازے سے کہیں بڑھ کر فروخت ہوا۔
مزید پڑھیں: سلک روڈ کلچر سینٹر میں ’آرٹ فار لائف-آرٹ فار غزہ‘ آرٹسٹ کیمپ کا آغاز 30 اپریل سے ہوگا
86×138 سینٹی میٹر سائز کی یہ پینٹنگ گزشتہ 2 دہائیوں میں نیلامی کے لیے پیش کی جانے والی سب سے بڑی اور اہم ’کانیلیٹو‘ تخلیق تھی۔ خریدار نے فون پر بولی دے کر اسے کرسٹی کے ڈائریکٹر ایلس ڈی روکومورل کے ذریعے خریدا۔
اس سے قبل یہی پینٹنگ 1993 میں نیلامی میں 66 لاکھ فرانسیسی فرانک (قریباً 7.5 ملین پاؤنڈ/12.2 ملین یورو) میں فروخت ہوئی تھی۔ اس کا ہمزاد فن پارہ 2005 میں سوتھبیز نیلامی میں 18.6 ملین پاؤنڈ (22 ملین یورو) میں فروخت ہوا تھا، جو اس وقت تک کانیلیٹو کے کسی بھی فن پارے کے لیے سب سے زیادہ قیمت تھی۔
یہ نیلامی کانیلیٹو کے فن کی تاریخی و مالی اہمیت کا ایک اور ثبوت ہے، جس نے نہ صرف یورپی مصوری کو جِلا بخشی بلکہ عالمی فنونِ لطیفہ کی دنیا میں بھی ایک نئی بلند چوٹی کو چھو لیا۔