لارڈز پر جو روٹ کی حکمرانی، دہائیوں پرانے ریکارڈز توڑ دیے

جمعہ 11 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کے سابق کپتان جو روٹ نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے اس میدان پر تینوں فارمیٹس میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بننے کا اعزاز حاصل کر لیا، انہوں نے 33 میچز میں مجموعی طور پر 2526 رنز بنا کر گراہم گوچ کا 2513 رنز کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

بھارت کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ کے دوران جو روٹ نے ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے بھارت کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں 3000 رنز مکمل کر لیے، اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے، اسی میچ میں انہوں نے ٹیسٹ کیریئر میں اپنی 103ویں ففٹی پلس اننگز بھی مکمل کی، جس میں 36 سنچریاں اور 67 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:تیسرا ٹیسٹ: پہلے روز کے اختتام پر انگلینڈ کے 4 وکٹوں پر 251 رنز، جو روٹ کی شاندار بیٹنگ

اس فہرست میں وہ جیکس کالس اور رکی پونٹنگ کے برابر دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ سچن ٹنڈولکر 119 ففٹی پلس اننگز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

جو روٹ نے بھارت کے خلاف اب تک 33 ٹیسٹ میچز میں 3054 رنز اسکور کیے ہیں، جن میں 10 شاندار سنچریاں شامل ہیں۔ وہ گیری سوبرز اور سچن ٹنڈولکر کے ساتھ ان چند عظیم بلے بازوں میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے کسی غیر ایشیز حریف کے خلاف 3000 سے زائد رنز بنائے۔

جو روٹ اب ایک اور سنگِ میل کی دہلیز پر ہیں، اگر وہ اپنی جاری اننگز میں سنچری مکمل کر لیتے ہیں تو یہ ان کی 37ویں ٹیسٹ سنچری ہو گی، جس سے وہ اسٹیو اسمتھ اور راہول ڈریوڈ کو پیچھے چھوڑ کر 5ویں سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔ یہ ان کی بین الاقوامی کرکٹ میں 55ویں سنچری بھی ہو گی، جو ہاشم آملہ کے ریکارڈ کے برابر ہو گی۔

کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 251 رنز پر 4 وکٹوں کے نقصان پر دن کا کھیل ختم کیا، جس میں جو روٹ 99 رنز پر ناٹ آؤٹ جبکہ کپتان بین اسٹوکس 39 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

مزید پڑھیں:انگلینڈ کے بلے باز جو روٹ کا ٹیسٹ کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ

دن بھر کے کھیل میں انگلینڈ نے حالیہ ‘بیزبال’ حکمت عملی کے برعکس روایتی ٹیسٹ انداز اپنایا، اور ٹیم کا رن ریٹ 3.02 رہا۔ آخری سیشن کا آغاز 153/2 سے ہوا، جب روٹ اور اولی پوپ وکٹ پر موجود تھے۔ رویندر جدیجا نے پوپ کو 104 گیندوں پر 44 رنز پر آؤٹ کر کے 109 رنز کی شراکت ختم کی۔

موجودہ عالمی نمبر ایک بیٹر ہیری بروک نے پرجوش آغاز کیا مگر جسپریت بمرا نے انہیں 20 گیندوں پر 11 رنز پر بولڈ کر دیا۔ انگلینڈ کا اس وقت اسکور 172/4 تھا۔ 64ویں اوور میں محمد سراج کی گیند پر اسٹوکس کے سنگل کے ساتھ ٹیم نے 200 رنز مکمل کیے۔

اس کے بعد جو روٹ اور بین اسٹوکس نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 گیندوں پر 50 رنز کی شراکت قائم کی اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔ جو روٹ اپنی سنچری سے محض ایک قدم دور، 99 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

مزید پڑھیں:انگلینڈ نے کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ کا منفرد ترین ریکارڈ بنالیا

اس سے قبل دن کے آغاز پر نتیش کمار ریڈی نے پہلی سیشن میں 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جدیجا اور بمرا نے بعد ازاں ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یہ دن مجموعی طور پر انگلینڈ کی جانب سے محتاط مگر مربوط بیٹنگ حکمت عملی کا عکاس تھا، جو حالیہ تیز رفتار طرزِ کھیل سے ایک مختلف انداز تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp