حکومت پنجاب نے تعلیم کے شعبے میں اہم قدم اٹھاتے ہوئے صوبے بھر میں آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: 55 سال کی عمر میں میٹرک کا امتحان پاس کرنے والے شخص نے مثال قائم کردی
رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں پیکٹا کے بورڈ آف گورنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں تعلیمی اصلاحات کے سلسلے میں دیگر کئی اہم امور پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے اعلان کیاکہ آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے، جب کہ پانچویں، چھٹی اور ساتویں جماعت کے امتحانات اسسمنٹ ٹیسٹ کی شکل میں لیے جائیں گے۔
رانا سکندر حیات نے ہدایت دی کہ ایک ماہ کے اندر انٹرنل اسسمنٹ ٹیسٹ کا واضح طریقہ کار مرتب کیا جائے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پانچویں سے ساتویں جماعت تک کے انٹرنل امتحانی نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے متعلقہ حکام کو اس نظام کی بہتری کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی۔
انہوں نے مزید کہاکہ گریڈ 8 کے بورڈ امتحانات پیکٹا کے تحت لیے جائیں گے اور اگلے 30 دنوں میں اس سلسلے میں مکمل لائحہ عمل تیار کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اے لیول کے پرچے لیک ہونے کے اعتراف کے باوجود کیمرج کا دوبارہ امتحان نہ لینے کا فیصلہ
واضح رہے کہ پنجاب میں آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات قریباً پانچ سال قبل ختم کردیے گئے تھے۔