سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے ملکی سیاست میں نئے باب کا آغاز کرتے ہوئے اپنی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: سماجی کاموں سے سیاست میں قدم رکھنے والے ذوالفقار علی بھٹو جونئیر کون ہیں؟
لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہاکہ وہ ایک نئی جماعت تشکیل دے رہے ہیں جس کا باقاعدہ اعلان جلد کیا جائے گا۔
ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کہاکہ عوامی فلاح کے نعرے ’روٹی، کپڑا اور مکان‘ کی آج بھی اہمیت ہے، تاہم بدلتے وقت کے تقاضے مزید بنیادی ضروریات، جیسے بجلی، گیس اور پانی کو بھی شامل کرنے کے متقاضی ہیں۔ ان کی جماعت کا نیا نعرہ ’جیے عوام‘ ہوگا۔
انہوں نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ زرداری گروپ نے ’جئے بھٹو‘ جیسے تاریخی نعرے کو کرپشن کی علامت بنا دیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر زمینوں پر قبضے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جس کا مقصد کسانوں کا استحصال ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ذوالفقار بھٹو کی پوتی فاطمہ بھٹو کا نکاح ، شوہر کس کو چنا؟ نام سامنے آ گیا
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے کسان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، لیکن آج وہ جماعتیں غائب ہیں جو ماضی میں کسانوں کے حقوق کی بات کرتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سندھ کے کسان بھی پنجاب کے کسانوں کی طرح آواز بلند کریں تو وہ ان کے ساتھ اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے۔